قومی بلائنڈ کرکٹر محمد جمیل اور انیس جاوید آسٹریلوی کھلاڑیوں کو تربیت دینے کیلئے کل اسلام آباد سے آسٹریلیا روانہ ہونگے

پیر 18 اپریل 2016 13:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 اپریل۔2016ء) قومی بلائنڈ کرکٹر محمد جمیل اور انیس جاوید آسٹریلوی کھلاڑیوں کو تربیت دینے کیلئے کل منگل کی علی الصبح اسلام آباد سے آسٹریلیا روانہ ہونگے۔ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین اور ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کونسل کے صدر سید سلطان شاہ کے مطابق قومی کھلاڑی محمد جمیل اور انیس جاوید آسٹریلین بلائنڈ کھلاڑیوں کو جدید اور اعلیٰ معیار کی تربیت کیلئے کل آسٹریلیا روانہ ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دونوں کھلاڑیوں کے اخراجات آسٹریلین بلائنڈ کرکٹ کونسل برداشت کرے گی اور دونوں قومی بلائنڈ کھلاڑی رضاکارانہ طور پرآسٹریلین بلائنڈ کھلاڑیوں کو اپنی خدمات پیش کریں گے۔ سید سلطان شاہ نے کہا کہ آسٹریلین بلائنڈ کونسل نے پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کو گزشتہ ماہ درخواست دی تھی کہ ہمیں اپنے کھلاڑیوں کی تربیت کیلئے محمد جمیل اور انیس جاوید کی خدمات بطور کوچ دی جائے جس پر بلائنڈ کرکٹ کونسل نے دونوں کھلاڑیوں کو وہاں بھیجنے کا فیصلہ کیا ۔

متعلقہ عنوان :