کاکول میں 7 کروڑ روپے کی لا گت سے مختلف پانی کی سکیموں پر کام جا ری ہے جس سے ہر گھر کو صاف پانی میسر ہو گا، مشتاق غنی

پیر 18 اپریل 2016 13:00

ایبٹ آباد۔ 18 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔18 اپریل۔2016ء) وزیراعلیٰ خیبر پختو نخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم مشتاق احمد غنی نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے محکموں سے سیاست کے خاتمہ سے تمام ادارے مضبوط ہوئے ہیں اور صوبہ میں ہر شخص کو انصاف مل رہا ہے، کاکول میں اس وقت7 کروڑ روپے کی لا گت سے مختلف پانی کی سکیموں پر کام جا ری ہے۔

وہ گذشتہ روز ضلع ایبٹ آباد کے موضع مہاٹ میرپور میں 350 کروڑ روپے کی لاگت سے واٹر سپلائی سکیم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر رکن قو می اسمبلی ڈا کٹر اظہر خان جدون، رکن ضلع کونسل علی خان جدون، وا ئس چےئرمین کینٹ بورڈ ایبٹ آباد ذوالفقار علی بھٹو گجر، رکن ضلع کونسل اقبال خان،رکن کینٹ بورڈ ایبٹ آباد بشیر خان اور دیگر نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج صوبہ خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف کی حکومت قائم ہے جس کے قائد کا نعرہ ”انصاف سب کیلئے “ ہے، ہماری حکومت میں کوئی سفارش اور رشوت سسٹم نہیں بلکہ تمام کام میرٹ کی بنیاد پر ہو رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ 21 لاکھ صوبہ کے طلباء اور طالبات کو ٹاٹ سے اٹھا کر فرنیچرز فراہم کیا اور اس کے ساتھ ساتھ پرائمری سکولوں میں 2 کلاس روم کے ساتھ مزید 4 کلاس روم تعمیر کئے ہیں، اس طرح صوبہ میں 15 ہزار نئے کلاس روم تعمیر کئے گئے ہیں، یہ ہمارا میگا پراجیکٹ ہے، انگلش میڈیم کلاسوں کا اجراء کیا گیا تاکہ صوبہ کے غریب بچے بھی امیروں کے بچوں کے برابر آ سکیں۔

انہوں نے کہا کہ صرف کاکول یونین کونسل میں اس وقت 7 کروڑ روپے کہ لاگت سے مختلف پانی کی سکیموں پر کام جاری ہے، انشا الله اس یونین کونسل کا کوئی گھر بھی پانی کے کنکشن سے خالی نہیں ہو گا۔ انہوں نے ایبٹ آباد شہر، نواں شہر اور کینٹ بورڈ کی وارڈ 5 کے رہائشیوں کیلئے جلد از جلد قبرستان کی جگہ فراہم کرنے، رشیان سیدان میرا دکھن کیلئے 2نئے ٹیوب ویل دینے، کاکول میں پولیس چوکی کے قیام اور میرا میرپور میں گرلز کالج بنانے کا بھی اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کاموں میں دیر کی بنیادی وجہ بلدیات کو اپنے فنڈز سے 42 ارب روپے کی ادائیگی ہے، اس لئے صوبہ میں فنڈز کی کمی کا مسئلہ ہے، اگر مرکزی حکومت صوبہ کے بقایا جات ادا کرے تو ہمارے تمام ترقیاتی کام بروقت مکمل ہو سکتے ہیں، انشاء الله ہماری حکومت کوشش کر رہی ہے کہ مسئلہ جلد از جلد حل ہو جائے۔ انہوں نے اپنی عوام سے اپیل کی کہ وہ 24 اپریل کو پاکستان تحریک انصاف کے یوم تاسیس کے جلسہ میں بھرپور شرکت کریں۔

متعلقہ عنوان :