آزادکشمیر میں‌جیپ دریائے نیلم میں جا گری،7 افراد جاں‌بحق

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 18 اپریل 2016 11:49

آزادکشمیر میں‌جیپ دریائے نیلم میں جا گری،7 افراد جاں‌بحق

آزاد کشمیر(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔18 اپریل 2016ء): آزاد کشمیر میں ایک جیپ دریائے نیلم میں جا گری، جس کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق ہو گئے۔ جاں بحق ہونے والے افراد میں ایک سرکاری افسر بھی شامل ہے۔ تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر میں ایک جیپ دریائے نیلم میں گرنے کے باعث 7 افراد جاں بحق ہو گئے جن میں ایک سرکاری افسر بھی شامل ہے۔ جاں بحق ہونے والے دو افراد کی لاشیں مل گئی ہیں جبکہ دیگر پانچ لاپتہ افراد کی تلاش جاری ہے ۔

ہٹیاں بالا کے افسر مال عبدالغنی میر مظفر آباد سے اپنے آبائی گائوں دوھنیال وادی نیلم والدہ کے جنازہ میں شرکت کے لئے جا رہے تھے کہ دوواریاں کے مقام پر اندھا موڑ کاٹتے ہوئے افسر مال کی گاڑی دریائے نیلم میں جاگری ۔ حادثے میں افسر مال عبدالغنی میر ، ان کی اہلیہ اور پانچ بچے جاں بحق ہوگئے ۔

(جاری ہے)

مقامی افراد نے حادثے سے کچھ فاصلے پر افسر مال اور ان کے جوان سال بیٹے کی لاش بر آمد کر لی ہے جبکہ باقی لاپتہ خاندان کی تلاش جاری ہے جن میں مرحوم سرکاری افسر کی اہلیہ اور پانچ دیگر بچے بھی شامل ہیں۔

دوسری جانب ڈپٹی کمشنر نیلم کا کہنا ہے کہ حادثے میں دیگر پانچ افراد کے زندہ بچنے کی کوئی امید نہیں ہے ۔ جبکہ دریائے نیلم میں پانی کے تیز بہاؤ کے باعث لاشیں بہہ جانے کا قوی امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے ۔