چھوٹو گینگ کے پاس 24 پولیس اہلکار یرغمال ہیں، انشاء اللہ ان کی بحفاظت واپسی ہو گی‘ آئی جی پنجاب

اتوار 17 اپریل 2016 22:39

چھوٹو گینگ کے پاس 24 پولیس اہلکار یرغمال ہیں، انشاء اللہ ان کی بحفاظت ..

رحیم یار خان(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17اپریل۔2016ء) چھوٹو گینگ کے پاس 24 پولیس کے اہلکار یرغمال ہیں، انشاء اللہ ان کی بحفاظت واپسی ہو گی جس کیلئے تمام اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ میڈیا دیگر فورسز کے شہید ہونے والے اہلکاروں کی طرح کچے میں شہید ہونیوالے پولیس اہلکاروں کو بھی خراج عقیدت پیش کرے، میڈیا کی بے جا تنقید سے پولیس کا مورال گرانے کی کوشش نہ کی جائے۔

ان خیالات کا اظہار آئی جی پنجاب پولیس مشتاق احمد سکھیرا نے اتوار کی شام رحیم یار خان میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ ایلیٹ فورس کے جو نوجوان چھوٹو گینگ کی کمین گاہ پر اسے گرفتار کرنے کیلئے گئے تھے۔ انہوں نے اپنے آپ کو رضا کارانہ طور پیش کیا تھا انکو کسی آفیسر نے زبردستی لانچ میں نہیں بٹھایا۔

(جاری ہے)

چھوٹو گینگ کی فائرنگ سے پولیس کے چھ جوان شہید ہوئے اور 24 کو یرغمال بنا لیا گیا۔

اب تک چھوٹو گینگ کے سو سہولت کاروں کو گرفتار کر لیا گیا ہے ان میں کوئی سیاستدان شامل نہیں۔ مشتاق احمد سکھیرا نے کہا کہ کچے کے آپریشن کو 20 دن مکمل نہیں ہوئے چار اپریل کو پولیس وہاں پہنچی تھی اور پانچ اپریل کو آپریشن کا آغاز کیا۔ اس آپریشن کے کئی مختلف مراحل کی حکمت عملی تیار کی گئی تھی۔ پہلے مرحلے میں پولیس کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا اس کا یہ قطعاً مطلب نہیں کہ آپریشن ناکام ہو گیا ہے یہ پہلے دن سے ہی پولیس اور پاک آرمی کا مشترکہ آپریشن تھا گو کہ پہلے پولیس آپریشن کو لیڈ کر رہی تھی۔

مشتاق احمد سکھیرا نے کہا کہ آپریشنز ناکام بھی ہوتے رہتے ہیں انشاء اللہ آپریشن ضرب آہن کامیابی سے ہمکنار ہو گا پولیس کے اہلکاروں کو بہترین کھانا اور انکی ضروریات کا آپریشن کے دوران خیال رکھا جا رہا ہے اور جو چھ اہلکار شہید ہوئے تھے وہ خود ہر ایک کے گھر گئے اور ان کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔

متعلقہ عنوان :