Live Updates

چھوٹو گینگ کے خلاف آپریشن کی تیاری، قریبی اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ

Fahad Shabbir فہد شبیر اتوار 17 اپریل 2016 22:38

چھوٹو گینگ کے خلاف آپریشن کی تیاری، قریبی اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ

راجن پور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17اپریل۔2016ء) رحیم یار خان اور راجن پور کے کچے کے علاقے میں چھوٹو گینگ کے خلاف بڑا آپریشن جاری ہے، چھوٹو گینگ کو پولیس اہلکاروں کی رہائی اور ہتھیار ڈالنے کے لئے آج شام تک کی مہلت دے دی گئی ہے۔ڈی پی او راجن پور غلام مبشر میکن کے مطابق چھوٹو گینگ کے خلاف آپریشن 20 ویں روز بھی جاری ہے۔ سکیورٹی فورسز کی جانب سے چھوٹو گینگ کے خلاف گھیرے کو مزید تنگ کر دیا گیا ہے، اگلے مورچوں پر فوج اور رینجرز کے اہلکار تعینات ہیں جب کہ ڈرون طیاروں اور ہیلی کاپٹرز کی مدد سے چھوٹو گینگ پر نظر رکھی جا رہی ہے۔

سکیورٹی اداروں کے اہلکار بھاری اسلحے کے ساتھ اگلے مورچوں پر موجود ہیں تاہم ان کی پہلی ترجیح مغوی اہلکاروں کی بحفاظت بازیابی ہے۔ یرغمالی اہلکار ابھی تک خیریت سے ہیں اور ان کی بحفاظت بازیابی کے لیے پلان تیار کر لیا گیا ہے اور بہت جلد آپریشن مکمل کر لیا جائے گا، دوسری جانب ڈاکوؤں کے قبضے میں موجود پولیس اہلکاروں کی تصاویر بھی جاری کر دی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے چھوٹو گینگ کو معاونت فراہم کرنے والوں کے خلاف بھی آپریشن شروع کر دیا ہے، اس سلسلے میں 9 ایسے افراد کی نشاندہی ہوئی ہے جو نہ صرف غلام رسول عرف چھوٹو اور اس کے کارندوں کو مختلف قسم کی معاونت فراہم کرتے تھے بلکہ پولیس اور گینگ کے درمیان رابطوں کا بھی کام کرتے تھے۔ ان افراد میں کچھ لوگوں کی مختلف سیاسی جماعتوں سے وابستگیاں بھی سامنے آئی ہیں۔

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق، راجن پور میں چھوٹو گینگ کے خلاف آپریشن کی تیاری جاری ہے اور شیخ زید اسپتال رحیم یار خان اور ٹی ایچ کیو اسپتال صادق آباد میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ تمام ڈاکٹروں کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ اسی سلسلے میں شیخ زید اسپتال کے 2 وارڈ خالی کرا لئے گئے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات