وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس،پنجاب سرمایہ کاری بورڈکی تنظیم نواور اصلاحات کے بارے میں تجاویز کا جائزہ لیاگیا، سرمایہ کاری بڑھنے سے معاشی سرگرمیاں تیز اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، شہبازشریف، سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے اہداف کے حصول کاواضح روڈ میپ ضروری ہے، متعلقہ محکموں کیساتھ قریبی رابطہ رکھا جائے،سرمایہ کاری بورڈ کو زراعت، لائیوسٹاک اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے فعال کردار کردار ادا کرنا ہے،ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے نتیجہ خیز اقدامات ضروری ہیں:وزیراعلیٰ پنجاب کا اجلاس سے خطاب

اتوار 17 اپریل 2016 19:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17اپریل۔2016ء) وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کی زیر صدارت یہاں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا،جس میں پنجاب بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈکی تنظیم نواور اصلاحات کے بارے میں مختلف تجاویز کا جائزہ لیاگیا۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں سرمایہ کاری کا فروغ اورمعیشت کو مضبو ط بنانا بورڈ کی بنیادی ذمہ داری ہے،اس لئے صوبے میں ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے انفرادیت اور جدت کے ساتھ کام کرنا ہوگاکیونکہ پنجاب کی معیشت مضبوط بنانے کیلئے پنجاب بورڈآف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کا کردار کلیدی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملکی اورغیر ملکی سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے اہداف کے حصول کاواضح روڈ میپ ضروری ہے لہٰذابورڈ کے حکام واضح روڈ میپ اختیار کرکے اس پر عملدر آمد یقینی بنائیں اوراس ضمن میں پنجاب حکومت کے متعلقہ محکموں کیساتھ قریبی رابطہ رکھا جائے تاکہ متعین کردہ اہداف کا حصول مقررہ مدت کے اندریقینی بنایا جاسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری بڑھنے سے نہ صرف معاشی سرگرمیاں تیز ہوں گی بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

اس لئے پنجاب بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈکو سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے فعال اور متحرک انداز سے کام کرنا ہے لہٰذا پنجاب بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ صوبے کی معیشت مضبوط کرنے کیلئے محنت سے کام کرے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں زبانی جمع خرچ کے بجائے عملی اقدام پر یقین رکھتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سہولتوں کی فراہمی اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے نتیجہ خیز اقدامات ضروری ہیں۔

سرمایہ کاری بورڈ کو جدید تقاضوں کے مطابق کام کرکے نتائج دینا ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ پنجاب میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی وسیع گنجائش موجود ہے- پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کو زراعت، صنعت، لائیوسٹاک، توانائی اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے فروغ کے حوالے سے اپنا فعال کردار کردار ادا کرنا ہے- پنجاب کی برآمدات میں اضافے کے اہداف کے حصول کیلئے محنت سے کام کرنے کی ضرورت ہے-2018تک صوبے میں نجی شعبہ کی سرمایہ کاری کا ہدف بھی ہر صورت حاصل کرناہے- چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ آمنہ چیمہ نے سرمایہ کاری کے فروغ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

چےئرمین پنجاب بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ عبدالباسط،چےئرمین منصوبہ بندی و ترقیات،پنجاب بورڈآف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے اعلی حکام،سیکرٹری صنعت اورسابق چےئرمین پنجاب بور ڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈپیرسعد احسن الدین نے اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :