بہترین ٹرانسپورٹ سسٹم مہذب معاشرے کی علامت ہوتا ہے، میٹروٹرین کا منصوبہ عوام کو معیاری سفری سہولتوں کا حق دے گا،وزیراعلیٰ پنجاب کی مسلم لیگ(ن) کے وفد سے گفتگو

اتوار 17 اپریل 2016 19:03

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17اپریل۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجا ب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ لاہور اورنج لائن میٹروٹرین عوام کو بے توقیری کے سفر سے نجات دلانے کا شاندار منصوبہ ہے اور چین کی حکومت کا پاکستان کے عوام کے لئے ایک عظیم تحفہ ہے۔ میٹروٹرین کے منصوبے کی تکمیل سے عام آدمی کو عالمی معیار کی محفوظ ،تیزرفتار اورآرام دہ سفری سہولیات میسر آئیں گی۔

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ن )کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ پنجا ب نے کہا کہ بہترین ٹرانسپورٹ سسٹم مہذب معاشرے کی علامت ہوتا ہے اور میٹروٹرین کا منصوبہ عوام کو جدید،تیزرفتار،باکفایت اورمعیاری سفری سہولتوں کا حق دے گا۔انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ عام آدمی کو بہتر سفری سہولتوں کی فراہمی کیلئے بنایاگیا ہے لیکن مٹھی بھر اشرافیہ عام آدمی کے اس عظیم منصوبے کی مخالفت برائے مخالفت کررہی ہے اورعوام کے ہر فلاحی منصوبے پر تنقید مٹھی بھر گروہ کا وطیرہ بن چکا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میٹروٹرین اوردیگر فلاح عامہ کے منصوبوں کے مخالفوں کا ہر محاذ پر مقابلہ کریں گے اورمٹھی بھر اشرافیہ کو میٹروٹرین جیسے فلاحی منصوبے کی راہ میں کسی صورت روڑے نہیں اٹکانے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ میٹروٹرین کے منصوبے پر تنقید دراصل عام آدمی کے حقوق کے خلاف سازش ہے اورمیں کسی کو بھی عوام کے حق پر ڈاکہ نہیں ڈالنے دو ں گا۔

متعلقہ عنوان :