بیساکھی میلہ کی تقریبات میں شرکت کیلئے سکھ یاتریوں کا گوردوارہ سچا سودا پہنچنے پر شاندار استقبال

گوردوارہ سچا سودا میں سکھ یاتریوں کیلئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے،ڈی پی او

اتوار 17 اپریل 2016 17:39

شیخوپورہ۔17 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17اپریل۔2016ء )بیساکھی میلہ کی تقریبات میں شرکت کیلئے پاکستان آئے ہوئے سترہ سو سے زائد سکھ یاتریوں نے شیخوپورہ گوردوارہ سچا سودا میں اپنی مذہبی رسومات ادا کیں ، سکھ یاتریوں کاگوردوارہ سچا سودا پہنچنے پر صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے پبلک ہیلتھ چوہدری سجاد حیدر گجر اور ضلعی حکام نے ان کا شاندار استقبال کیا ، اس موقع پرڈسٹرکٹ پولیس آفیسرسرفراز ورک نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ گوردوارہ سچا سودا میں سکھ یاتریوں کیلئے میڈیکل کیمپ اور کھانے پینے کی سہولیات سمیت سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں، انہوں نے کہا کہ سکھ یاتریوں کو ننکانہ صاحب سے خصوصی بسوں کے ذریعے سخت سکیورٹی حصار میں گوردوارہ سچا سودا فاروق آباد لایا گیا ، ان کی سکیورٹی کیلئے پانچ سو سے زائد مسلح اہلکار تعینات کئے گئے ، سکھ یاتریوں نے پاکستان میں ہمارے مذہبی مقامات کی حفاظت اور ان کیلئے شاندار انتظامات کرنے پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔