یوتھ فورم فار کشمیر کا کشمیریوں کو غلامی سے آزاد کرنے کیلئے اقوامِ متحدہ سے اپنی نگرانی میں فوری رائے شماری کرانے کا مطالبہ

او آئی سی کا مسئلہ کشمیر کو اقوامِ متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل کرنے کا مطالبہ ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے دل کی آواز ہے،طارق احسان غوری

اتوار 17 اپریل 2016 17:35

لاہور۔17 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17اپریل۔2016ء ) یوتھ فورم فار کشمیر نے کشمیریوں کو غلامی سے آزاد کرنے کے لیے اقوامِ متحدہ سے اپنی نگرانی میں فوری رائے شماری کرانے کا مطالبہ کر دیا۔یوتھ فورم فار کشمیرکا ایک اہم اجلاس طارق احسان غوری کی زیر صدارت لاہور میں منعقد ہوا، اس موقع پراستنبول میں ہونے والے اوآئی سی کے اجلاس میں تنازعہ کشمیر کے پُر امن حل کے لیے مسلم امہ کا مئوقف پیش کرنے پر دلی مسرت کا اظہار کیا گیا، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے طارق احسان غوری نے کہا کہ اوآئی سی کا مسئلہ کشمیر کو اقوامِ متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل کرنے کا مطالبہ ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے دل کی آواز ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیکرٹری جنرل اوآئی سی کی جانب سے خصوصی نمائندہ مقبوضہ کشمیر بھیجنے کا پُر جوش خیر مقدم کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 63اسلامی ممالک کی نمائندہ تنظیم اوآئی سی کی جانب سے مسئلہ کشمیر کے فوری حل کا مطالبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور سوئی ہوئی اقوامِ متحدہ کو جھنجھوڑنے کا عالمی اعلان بھی ہے ، اُنہوں نے مطالبہ کیا کہ او آئی سی کی قرار دادوں پر عملد رآمد کے لیے اقوامِ متحدہ کا فوری ہنگامی اجلا س طلب کیا جائے اور وادی کشمیر کو بھارتی تسلط اور کروڑوں کشمیریوں کو غلامی سے آزاد کرنے کے لیے اقوامِ متحدہ اپنی نگرانی میں رائے شماری کرائے۔