رضاربانی نے پاناما لیکس کی تحقیقات کے لیے بننے والی پارلیمانی کمیٹی کی سربراہی کرنے سے معذرت کرلی

کمیشن کی سربراہی کرنے سے مفادات کا تنازع پیدا ہوسکتا ہے،تحقیقات کے لیے وائٹ کالر کرائم میں مہارت درکار ہے، جو میرے پاس نہیں،رضاربانی

اتوار 17 اپریل 2016 16:23

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17اپریل۔2016ء) چےئرمین سینیٹ رضاربانی نے پاناما لیکس کی تحقیقات کے لیے بننے والی پارلیمانی کمیٹی کی سربراہی کرنے سے معذرت کرلی ہے،چےئرمین سینٹ رضا ربانی کا کہنا تھا کہ اس وقت مناسب نہیں ہوگا کہ میں بطورچیرمین سینیٹ میں کمیٹی کی سربراہی کروں، کمیشن کی سربراہی کرنے سے مفادات کا تنازع پیدا ہوسکتا ہے،پانامالیکس کی تحقیقات کے لیے وائٹ کالر کرائم میں مہارت درکار ہے، جو میرے پاس نہیں ہے،میں پارلیمنٹ خصوصا ًسینیٹ کے حقوق کا کسٹوڈین ہوں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کی طرف سے انکا نام تجویز کرنے پر بیان میں کیا۔چےئرمین سینٹ رضا ربانی نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا شکرگزار ہوں کہ انہوں نے پاناما لیکس سے متعلق بنائے جانے والے کمیشن میں میرا نام تجویز کیا، پارلیمانی کمیٹی کے موثر ہونے سے متعلق میرا ایک ہی نقطہ نظر ہے، ان سوالات کے جوابات حاصل کرنے کے لیے متعلقہ شعبے کی مہارت درکار ہوگی اور میرے پاس ایسی کوئی تکنیکی مہارت نہیں ہے،انہوں نے مزید کہا کہ پاناما لیکس کی تحقیقات میں حقائق سے متعلق مشکل سوالات ہوں گے،میں پارلیمنٹ خصوصا ًسینیٹ کے حقوق کا کسٹوڈین ہوں اس لیے کمیشن کی سربراہی نہیں کر سکتا۔