راولپنڈی، آرٹی اے کا کرایہ نامہ آویزاں نہ کرنیوالے ٹرانسپورٹرز کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

اتوار 17 اپریل 2016 16:11

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17اپریل۔2016ء) ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے کرائے نامے آویزاں نہ کرنے والے ٹرانسپورٹروں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کر لیا ۔ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی راولپنڈی کو مختلف روٹس دھمیال کیمپ تا صدر ،ڈھوک سیداں تاصدر و راجہ بازار ، ٹنچ بھاٹہ ،پیپلز کالونی تا صدر ،صادق آباد تا راجہ بازار ،چکلالہ تا راجہ بازار ، ٹیپو روڈ ،پیرودھائی تا راجہ بازار و دیگر روٹس پر ٹرانسپورٹرز کی جانب سے زائد کرایوں کی وصولی اور کرائے نامے آویزاں نہ کرنے کی شکایات موصول ہورہی تھیں جس پر سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی راولپنڈی خالد یامین ستی نے کرائے نامے آویزاں نہ کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف کریک ڈاؤن کی ہدایات جاری کر دیں ۔

سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی راولپنڈی خالد یامین ستی نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ٹرانسپورٹرکو زائد کرائے کی وصولی کی اجازت نہیں دی جائے گی اور مسافروں سے زائد وصولی کے مرتکب ٹرانسپورٹرز کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔

(جاری ہے)

خالد یامین ستی نے کہا کہ نئے کرائے ناموں پر سو فی صد عمل در آمد نہیں ہو سکا تاہم ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کرائے نامے پر عمل در آمد کے لیے روزانہ کی بنیاد پرکارروائی کر رہی ہے اور مقررہ کرائے سے زائد وصولی کے مرتکب گاڑی مالکان کے خلاف کارروائی جاری ہے اور انہیں جرمانوں کے ساتھ زائد کرایوں کی وصولی کی مرتکب گاڑیوں کو بند بھی کیا جارہا ہے ۔

ایک سوال کے جواب میں سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی خالد یامین ستی کا کہنا تھا کہ اوور چارجنگ سمیت دیگر قوانین کی خلاف ورزی پر ٹرانسپورٹرز کو 100روپے سے 500روپے تک جرمانہ کیا جا سکتا ہے جس کی وجہ سے ٹرانسپورٹرز جرمانہ دینے کے باوجود مقررہ کرائے سے زائد وصولی جاری رکھتے ہیں اس لیے جرمانہ کی شرح زیادہ ہو نی چاہیے تاکہ مقررہ کرائے نامے سے زائد وصولی کے مرتکب ٹرانسپورٹرز کو بھاری جرمانے کیے جاسکیں ۔ خالد یامین ستی نے کہا کہ مسافروں کی شکایات پر ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی راولپنڈی گاڑیوں میں کرائے نامے آویزاں نہ کرنے اور مسافروں سے زائد کرایوں کی وصولی کے مرتکب ٹرانسپورٹرز کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کریگی ۔

متعلقہ عنوان :