بلاول بھٹو کی وفاقی حکومت کی جانب سے کشمیر میں ہونیوالے انتخابات سے قبل دھاندلی کی شدید مذمت

پی پی پی کبھی دھاندلی کی اجازت نہیں دیگی،(ن) لیگ کے امیدواروں کو ترقیاتی فنڈز کی تقسیم فوری طور پر روکی جائے، چیئرمین پیپلز پارٹی کا مطالبہ

اتوار 17 اپریل 2016 16:05

بلاول بھٹو کی وفاقی حکومت کی جانب سے کشمیر میں ہونیوالے انتخابات سے ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17اپریل۔2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی حکومت کی جانب سے کشمیر میں ہونے والے انتخابات سے قبل دھاندلی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ پی ایم ایل (ن) کے امیدواروں کو ترقیاتی فنڈز کی تقسیم فوری طور پر روکی جائے۔ انھو ں نے کہا کہ پی پی پی کبھی بھی دھاندلی کی اجازت نہیں دے گی۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اس موقع پر فنڈز کی فراہمی ووٹ خریدنے کے مترادف ہے۔ انھوں نے وفاقی حکومت کی جانب سے انتخابات میں اس قسم کی دھوکے بازی پر انتہائی حیرت اور افسوس کا اظہار کیا۔ پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ ایسی رپورٹس بھی موصول ہو رہی ہیں کہ ملک بھر میں غیر کشمیریوں کو بھی کشمیر کے مختلف حلقوں میں ووٹرز کی حیثیت سے رجسٹر کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ یہ نادرا کے اختیار میں نہیں کہ وہ آزاد کشمیر الیکشن کمیشن کی جانب سے بھیجے جانے والی ووٹرز فہرست میں نئے نام شامل کر سکے۔ پی پی پی تمام اداروں کو خبردار کرتی ہے کہ وہ کسی کی جانب سے کشمیر کے انتخابات میں دھاندلی کرنے کے لئے دباؤ یا لالچ میں نہ آئیں۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ پی ایم ایل (ن) کی قیادت نے اپنی ماضی کی غلطیوں سے کچھ نہیں سیکھا اور ان غلطیوں کو دہرانے پر مصر ہے۔ کشمیر کے انتخابات میں دھاندلی سے سیاسی استحکام متاثر ہو گا جو بہت افسوسناک ہے۔ پی پی پی کشمیر کے انتخابات میں دھاندلی کی قطعی اجازت نہیں دے گی۔