پوسٹ گریجوایٹ ٹرینی ڈاکٹرز کیلئے سینٹرلائز ڈ داخلہ پالیسی متعارف کرانے کافیصلہ

سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نیپیر کو اجلاس طلب کر لیا، تمام سرکاری میڈیکل کالجز کے پرنسپلز اور یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز شرکت کریں گے

ہفتہ 16 اپریل 2016 22:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔16 اپریل۔2016ء) میڈیکل کی تعلیم کے معیار کو بہتر بنا نے اور ضرورت کے مطابق (Need Base ) متعلقہ شعبوں میں سپیشلسٹ ڈاکٹرز تیار کرنے کیلئے پوسٹ گریجوایٹ ٹرینی ڈاکٹرز کے داخلوں کی سینٹرلائزڈ پالیسی تیار کی جائے گی-سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نجم احمد شاہ نے سوموار کے روز صوبے کے تمام سرکاری میڈیکل یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز اور میڈیکل کالجز کے پرنسپلز کا اجلاس سول سیکرٹریٹ میں طلب کر لیا ہے-اس حوالے سے ہفتہ کے روز ایک ابتدائی اجلاس سیکرٹری ہیلتھ نجم احمد شاہ کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی ، وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی ، رجسٹرار یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے علاوہ پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج ، کالج آف فزیشن اینڈ سرجن پنجاب چیپٹر کے صدر پروفیسر خالد مسعود گوندل ، ڈاکٹر عامر بندیشہ ، ڈاکٹر شبیر احمد کے علاوہ ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر سلمان شاہد ، ڈپٹی سیکرٹری میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر ناصر شاکر اور دیگر افسران نے شرکت کی-صحت کے جن شعبو ں میں سپیشلسٹ ڈاکٹرز کی قلت ہے ان شعبوں میں پی جی ٹرینی ڈاکٹرز کے داخلوں کو ترجیح دینے کے سلسلے میں ابتدائی تبادلہ خیال کیا گیا-سیکرٹری صحت نجم احمد شاہ نے کہاکہ پوسٹ گریجوایٹ ٹرینی ڈاکٹرز کی سینٹرلائزڈ انڈکشن پالیسی تیار کی جائے گی جس کیلئے صوبے کے تمام سرکاری میڈیکل کالجز کے پرنسپلز اور میڈیکل یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کی مشاورت سے اتفاق رائے کے ساتھ پالیسی وضع کی جائے گی اور ان داخلو ں کا طریقہ کار بھی طے کیا جائے گا-نجم احمد شاہ نے کہاکہ ضرورت اس ا مر کی ہے کہ صحت کے جن شعبوں میں سپیشلسٹ ڈاکٹرز کی کمی ہے ان شعبوں میں داخلو ں کے لئے ڈاکٹرز کو ترغیب دی جائے تاکہ پوسٹ گریجوایشن کرنے والے ڈاکٹرز مذکورہ سپیشلسٹیز میں تربیت حاصل کرکے فیلڈ میں آئیں-انہوں نے کہاکہ سوموار 18اپریل کو ہونے والے اجلاس میں تمام سٹیک ہولڈرز سے اس بارے میں سفارشات اور تجاویز لی جائیں گی-