Live Updates

کسی قسم کا کوئی لندن پلان تشکیل نہیں دیا جا رہا ، وزیر اعظم اپنے علاج کیلئے لندن گئے ہیں ، عمران خان سیاست میں دوہرا معیار رکھتے ہیں، وہ دوسروں کیلئے اور قانون اور اپنے لئے اورقانون لاگو کر تے ہیں، پانامہ لیکس میں وزیر اعظم پر براہ راست کوئی الزام نہیں لگایا گیا ، کمیشن ہو نیب ہو یا کوئی اور ادارہ مسلم لیگ (ن)ہر طرح کے احتساب کیلئے ہر فورم پر حاضر ہے،عمران خان نے شوکت خانم ہسپتال کے تین ملین ڈالر آف شور کمپنیوں میں لگائے ، وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کی میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 16 اپریل 2016 22:24

لاہور۔16 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔16 اپریل۔2016ء ) وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی و دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین نے واضح کیا ہے کہ کسی قسم کا کوئی لندن پلان تشکیل نہیں دیا جا رہا ، وزیر اعظم اپنے علاج کیلئے لندن گئے ہیں جبکہ دیگر سیاستدان اپنے اپنے کام سے بیرون ملک گئے ہیں، عمران خان سیاست میں دوہرا معیار رکھتے ہیں،دوسروں کیلئے اور قانون اور اپنے لیے اورقانون لاگو کر تے ہیں، پانامہ لیکس میں وزیر اعظم پر براہ راست کوئی الزام نہیں لگایا گیا ، کمیشن ہو نیب ہو یا کوئی اور ادارہ پاکستان مسلم لیگ (ن)ہر طرح کے احتساب کیلئے ہر فورم پر حاضر ہے،عمران خان نے شوکت خانم ہسپتال کے تین ملین ڈالر آف شور کمپنیوں میں لگائے جو ڈونر ز کادیا ہوا پیسہ تھا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور چیمبر کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

رانا تنویر حسین نے کہا کہ بیرونی مداخلت کے باوجودہم نے دہشت گردی کیخلاف بہت سی کامیابیاں حاصل کی ہیں ، بھارت پاکستان کا امن سبوتاژ کرنے کیلئے مداخلت کر رہا ہے جبکہ افغانستان سے بھی پاکستان میں مداخلت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ۔انہوں نے کہا کہ اگر پنجاب حکومت نے وزارت دفاعی پیداوار سے بلٹ پروف جیکٹس لی ہیں اور وہ ناقص ثابت ہوئی ہیں تو اسکی انکوائری کرائی جائے گی، وفاقی وزیرنے کہا کہ وزیر اعظم اپنے علاج کیلئے لندن گئے ہیں جبکہ دیگر سیاستدان اپنے اپنے کام سے گئے ہیں، وہاں کسی قسم کا کوئی لندن پلان تشکیل نہیں دیا جا رہا ۔

انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس میں وزیر اعظم پر براہ راست کوئی الزام نہیں لگایا گیا بلکہ ان کے بچوں پر الزامات لگائے گئے ہیں ، اور وہ ہر طرح کا جواب دینے کیلئے تیار ہیں ، ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ خواجہ سعد رفیق نے عمران خان کے گھر کے گھیراؤ کی بات ہر گز نہیں کی تھی بلکہ ان کے بیان کو غلط انداز میں پیش کیا گیا ، عمران خان کو خود شیشے کے گھر میں بیٹھ کر دوسروں کو پتھر نہیں مارنا چاہیے ،اگر وہ لوگوں کی طرف پتھر پھینکیں گے تو پھر پتھر واپس بھی آسکتے ہیں ، وہ خواہ مخواہ شور شرابا کریں گے تو جواب ضرور دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان سیاست میں دوہرا معیار رکھتے ہیں،دوسروں کیلئے اور قانون اور اپنے لیے اورقانون لاگو کر تے ہیں،وہ کہتے ہیں کہ مجھ پر کوئی داغ نہیں ہے لیکن جب کوئی بات کر تا ہے تو وہ کسی کو بات نہیں کرنے دیتے ، انہوں نے شوکت خانم ہسپتال کے تین ملین ڈالر آف شور کمپنیوں میں لگائے ، یہ ڈونر ز کادیا ہوا پیسہ تھا جو انہوں نے آف شور کمپنیوں میں لگا دیا ،اس طرح و ہ اس خیراتی ہسپتال کو خراب کر رہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ عمران خان نے خود کہا ہے کہ پانچ سال بعد 3ملین ڈالر واپس لے آیا ہوں ، تو یہ اتنی بڑی رقم اتنے سال بیرون ملک کے بینکوں میں کیوں پڑی رہی، اخلاقی اقدار صرف وزیر اعظم پر لاگو نہیں ہوتیں بلکہ وہ تمام لوگ جو سیاسی پارٹیوں کے سربراہ ہیں ان پر بھی وہی اخلاقی اقدار لاگو ہو تی ہیں ۔

رانا تنویر حسین نے کہا کہ ہماری کو شش ہے کہ صوبائی حکومتیں دہشتگردوں کا مقابلہ کرنے کیلئے بلٹ پروف جیکٹس ہم سے لیں ، اگر پنجاب حکومت نے کچے کے آپریشن میں استعمال ہونیوالی بلٹ پروف جیکٹس ہم سے لی ہیں اور وہ ناقص ثابت ہوئی ہیں تو اس کی لازمی انکوائری کراؤں گا۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات