پی پی مزدور رہنماؤں کا کے الیکٹرک کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر تحفظات کا اظہار

اگر گرمی کی شدت کے دوران حبس سے کسی بھی شہری کو کوئی نقصان پہنچا تو کے الیکٹرک کی انتظامیہ اس کی جوابدہ ہوگی،پی پی رہنماؤں کا مشترکہ بیان

ہفتہ 16 اپریل 2016 22:16

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 اپریل۔2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے مزدور رہنماؤں حبیب الدین جنیدی اور لطیف مغل نے کے الیکٹرک کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی غیراعلانیہ بندش پر اپنے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کے الیکٹرک کی عوام دشمن انتظامیہ کو خبردار کیا ہے کہ اگر گرمی کی شدت کے دوران حبس سے کسی بھی شہری کو کوئی نقصان پہنچا تو کے الیکٹرک کی انتظامیہ اس کی جوابدہ ہوگی۔

پی پی پی میڈیا سیل سندھ سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ہفتہ کے دن کے الیکٹرک نے نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد، پرانا گولیمار،گارڈن، سرجانی، نیو کراچی، اورنگی ٹاؤن سمیت کراچی کے بیشتر علاقوں میں صبح آٹھ بجے سے شام چار بجے تک غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کی ،جس کی اطلاع صارفین کو نہیں دی گئی۔

(جاری ہے)

طویل دورانیے کی لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے مذکورہ شہری علاقوں کے مکین سخت گرمی اور حبس کی وجہ سے حال سے بے حال رہے لیکن کے الیکٹرک کی انتظامیہ نے اپنی بے حسی اور کراچی سمیت ملک دشمنی کا کوئی بہانہ ہاتھ سے نہ جانے دیا۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ موسمیات اور پاکستانی میڈیا مسلسل چیخ چیخ کر اعلان کررہا ہے کہ اپریل اور مئی کا مہینہ ہیٹ اسٹروک کے حوالے سے شدید ہوگا اور اسی وارننگ کے پیش نظر سندھ حکومت ، شہری انتظامیہ اور بالخصوص محکمہ صحت نے خصوصی اقدامات کئے ہیں تاکہ شہریوں کو نقصان سے محفوظ رکھا جاسکے لیکن کے الیکٹرک کی انتظامیہ ہر حال میں سندھ حکومت کے اقدامات کو ناکام بنانے پر تلی ہوئی ہے اور ایک مقامی این جی او کی جانب سے تین سو اجتماعی قبروں کو شہریوں سے بھرنے کے لیے غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کررہی ہے۔

انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کی کہ ملک کا کوئی بھی ادارہ کے الیکٹرک کی عوام دشمنی، کراچی دشمنی، اور پاکستان دشمنی کے خلاف حرکت میں نہیں آرہا لہٰذااز خود نوٹس لیا جائے اور کے الیکٹرک کا کنٹرول ریاست کو دیا جائے۔