وزیراعلیٰ سندھ سے ڈی جی رینجرز کی ملاقات ،امن و امان اور دیگر امور پر گفتگو

پنجاب میں آپریشن کے بعد پنجاب بارڈر کی سخت نگرانی شروع کی جائے،وزیر اعلیٰ سندھ

ہفتہ 16 اپریل 2016 22:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 اپریل۔2016ء) وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ پنجاب میں مجرموں کے خلاف شروع کیے گئے آپریشن کے بعد سندھ پنجاب کے بارڈر پر سخت نگرانی شروع کی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو وزیر اعلیٰ ہاؤس میں ڈی جی رینجرز میجرجنرل بلال اکبر سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں ڈی جی رینجرز نے وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کو دہشت گردوں کے خلاف جاری ٹارگیٹ آپریشن صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کے حوالے سے بریفینگ دی۔

انہوں نے پنجاب میں جاری آپریشن کے حوالے سے بھی وزیر اعلیٰ سندھ سے بات چیت کی، جس پر وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ گذشتہ امن و امان کے اجلاس کے دوران پنجاب میں آپریشن اور سندھ میں اُس کے ممکنہ اثرات کے حوالے سے بحث و مباحثہ کیا گیا تھا اور یہ خدشہ ظاہر کیا گیا تھا کہ پنجاب میں آپریشن کے بعد کرمنلز وہاں سے بھاگ کر سندھ کے کچے کے علاقے میں داخل ہوسکتے ہیں ۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ پنجاب میں ملحقہ بارڈر کے علاقوں کو سیل کیا جائے گا۔ ڈی جی رینجرز نے وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کو بتایا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے دونوں صوبوں کے سرحدی علاقوں کی کڑی نگرانی کررہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کراچی میں امن و امان کی بحالی کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کی تعریف کی۔