کسی ایک کا دامن پاک نہیں ،پاناما لیکس کا معاملہ عدالت ،پارلیمنٹ یا اے پی سی کے سپرد کیا جائے‘ راشد نسیم

پاناما لیکس کے اب تک سامنے آنے والے ڈیڑھ کروڑ پیپرز میں دین سے وابستہ کسی ایک فرد کا نام نہیں آیا ‘ شرکاء سے خطاب

ہفتہ 16 اپریل 2016 21:32

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 اپریل۔2016ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم نے کہا ہے کہ پاناما لیکس کے اب تک سامنے آنے والے ڈیڑھ کروڑ پیپرز میں دین سے وابستہ کسی ایک فرد کا نام نہیں آیا جبکہ ہارورڈاور آکسفورڈ جیسی یونیورسٹیوں کے اعلیٰ تعلیم یافتہ لوگ جو پوری دنیا میں حکمرانی کررہے ہیں ،کسی ایک کا دامن لوٹ کھسوٹ اوربدیانتی سے پاک نہیں ،پاناما لیکس کا معاملہ عدالت ،پارلیمنٹ یا اے پی سی کے سپرد کیا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں ہونے والی پانچ روز ہ تربیت گاہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔راشد نسیم نے کہا کہ مغربی تہذیب کے رکیک حملوں کو روکنے کیلئے کلیدی کردار قرآن ،سیرت اور خاندان کا ہے اس لیئے مغرب ہر قیمت پر اسلام کے خاندانی نظام کو تباہ کرنا چاہتا ہے تاکہ وہ اسلام کے بڑھتے ہوئے قدموں کو روک سکے مگر مغرب کی سازشوں مکڑی کے جالے کی طرح کمزور ہیں جن سے اسلام کے بڑھتے قدم رک نہیں سکتے ۔

(جاری ہے)

مغرب کے اپنے تھنک ٹینکس اسلام کے غلبہ کی نوید سنا رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ یہ اسلام کی برکت ہے کہ پاکستان جہاں ہر صاحب اختیار دولت کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے میں مصروف ہے جماعت اسلامی کے سینیٹرز،قومی و صوبائی اسمبلیوں کے ممبرز اور بلدیاتی اداروں کے منتخب کسی ایک فرد پر لوٹ کھسوٹ کا الزام نہیں ۔انہوں نے کہا کہ سٹیٹ بنک آف پاکستان کی طرف سے اربوں روپے کے قرضے لیکر معاف کرانے اور ہڑپ کرجانے والے جن افراد کی لسٹ جاری کی گئی ہے ان میں بھی کسی ایک مذہبی شخصیت کا نام نہیں ،اس کے باوجود دنیا بھر میں دین اور دینی شخصیات کو بدنام کیا جارہا ہے ۔