پانامہ کے نائب وزیر اقتصادیات کا واشنگٹن میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے ساتھ ملاقات کا دعویٰ بے بنیاد ہے، ترجمان وزارت خزانہ

نائب وزیر اقتصادیات وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے کس طرح ملے جبکہ وہ گزشتہ کئی ہفتوں سے پاکستان سے باہر گئے ہی نہیں۔ ترجمان

ہفتہ 16 اپریل 2016 21:14

اسلام آباد ۔ 16 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔16 اپریل۔2016ء) وزارت خزانہ کے ترجمان نے پانامہ کے نائب وزیر اقتصادیات کی واشنگٹن میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے ساتھ ملاقات کے دعویٰ کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار امریکہ گئے ہی نہیں کیونکہ وہ پہلے ہی اپنا دورہ منسوخ کرچکے ہیں۔ ہفتہ کو ترجمان نے اس سلسلے میں الیکٹرانک میڈیا کا حوالہ دیتے ہوئے ایک بیان میں کہا ہے کہ پانامہ کے نائب وزیر اقتصادیات ایون زیرک نے سی این این کو انٹرویو کے دوران وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے ساتھ واشنگٹن میں ملاقات کے دعوی کو مکمل بے بنیاد اور انتہائی حیران کن قرار دیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ وزیر خزانہ اپنا دورہ واشنگٹن منسوخ کرچکے ہیں جہاں انہیں شیڈول کے مطابق 14 اپریل سے 17 اپریل تک عالمی بنک اور آئی ایم ایف کے موسم بہار کے اجلاسوں میں شرکت کرنا تھی۔

(جاری ہے)

ترجمان نے سوال اٹھایا ہے کہ ایون زیرک کس طرح وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملے جبکہ وہ گزشتہ کئی ہفتوں سے پاکستان سے باہر گئے ہی نہیں۔ ترجمان نے کہاکہ اسحاق ڈار پاکستان میں ہی ہیں اور اپنی روزمرہ کی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ عالمی بنک اور آئی ایم ایف کے اجلاسوں میں سیکرٹری فنانس ڈاکٹر وقار مسعود خان پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ سی این این کے ساتھ غلط رپورٹنگ کا معاملہ اٹھایا گیا ہے۔