کمشنر سکھر ڈویژن کی جانب سے تمام اضلاع میں ہیٹ اسٹروک سینٹر قائم کرنے کی ہدایت

ہفتہ 16 اپریل 2016 21:05

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 اپریل۔2016ء)کمشنر سکھر ڈویژن محمد عباس بلوچ نے گرمی کے موسم کے دوران سکھر، خیرپور اور گھوٹکی اضلاع میں ہیٹ اسٹروک سینٹر قائم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ لوگوں کو گرمی کی تپش سے محفوظ رکھنے کے لئے آگاہی مہم چلائی جائے، اسکول کے بچوں کو گرمی سے بچانے کے لئے اسکولو ں میں سولر سسٹم لگائیں جائیں، روٹین امیونائزیشن کو بہتر کئے بغیر پولیو وائرس ختم نہیں کیا جاسکتا۔

انہوں نے یہ ہدایات اپنی آفس کے کمیٹی روم میں پولیو کے خاتمے کیلئے تشکیل دی گئی سکھر ٹاسک فورس کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔ کمشنر سکھر ڈویژن نے تینوں اضلاع خیرپور، سکھر اور گھوٹکی کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات کی کہ سخت گرمی شروع ہونے سے پہلے ہی ہر ضلع میں ہیٹ اسٹروک سینٹر قائم کئے جائیں تاکہ جانی نقصان سے بچا جا سکے، جبکہ اسکولوں اور بی ایچ یوز میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی صورت میں متبادل سولر سسٹم لگائے جائیں تاکہ اسکولوں میں مستقبل کے معماروں کو سخت گرمی سے محفوظ رکھا جا سکے ، اسپتالوں میں مریضوں کو کوئی بھی تکلیف نہ ہو اور ادوویات خراب نہ ہو ں۔

(جاری ہے)

کمشنر سکھر نے تمام ڈی ایچ اوزکو ہدایت کی کہ ہیٹ اسٹروک سے بچنے کے لئے احتیاطی تدابیر کی آگاہی کے لئے خاص مہم چلائی جائے اس کے ساتھ ڈاکٹرز اور ادویات کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ گرمی کے موسم میں خاص طور پر گنجان آبادی والے علاقوں میں سیپکو کو ٹرانسفارمر اتارنے کی اجازت نہ دی جائے۔ کمشنر سکھر ڈویژن محمد عباس بلوچ نے کہا کہ سکھر ڈویژن میں سخت گرمی کے باعث پولیو وائرس کا خطرہ ہے ، تمام متعلقہ افسران کو پولیو مہم کے دوران سخت محنت کرنی ہو گی ، مائیکرو پلان اور ٹیلی شیٹس کے مطابق کام کرنا ہو گا اور اس ضمن میں کوئی بھی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ۔

اجلاس کے دوران ڈبلیو ایچ او کے نمائندے نے بتایا کہ گزشتہ مہم کے دوران غلام محمد مہر میڈیکل کالج ٹیچنگ اسپتال سکھر میں 55اور حرا میڈیکل سینٹر میں چار بچوں کو پولیو ڈراپس نہیں پلائے گئے جس پر کمشنر نے ڈی ایچ او کو ہدایت کی کہ اس واقعہ کے ذمہ دار ڈاکٹرز اور نرسوں کے خلاف کارروائی کی جائے اور ان سے غفلت کا سبب معلوم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کے خلاف نیشنل کاز میں اس قسم کی کوتاہیاں برداشت نہیں کی جائیں گی۔

ڈبلیو ایچ او کے نمائندے نے مزید بتایا کہ کچھ ایریا انچارج کام نہیں کر رہے اور شکایت کے باوجود ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہو رہی ہے جس کے باعث پولیو مہم متاثر ہو رہی ہے۔ متعلقہ ایریا انچارج مائیکرو پلان، ٹیلی شیٹس اور لاگ بک پر عمل نہیں کر رہے۔ کمشنر سکھر نے پولیو کے متعلق ایمرجنسی ریسپانس یونٹ کے کو آرڈینیٹر کو ہدایت کی کہ لاپرواہی برتنے والے ایریا انچارجوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ان کی تنخواہیں بند کرائی جائیں۔

کمشنر سکھر نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ سکھر میں سرسو، گھوٹکی میں ہینڈس اور خیرپور میں آئی آر سی کی لیڈی ورکرز کو تربیت دے کر پولیو ٹیمز میں شامل کیا جائے جس کے بہتر نتائج برآمد ہونگے۔ کمشنر نے پی پی ایچ آئی انچارج کو ہدایت دی کہ صالح پٹ کی پولیو ٹیمز میں ڈاکٹرز کا اضافہ کیا جائے اور ہر ضلع میں پولیو کنٹرول روم کو فعال کیا جائے۔