اسحاق ڈارگزشتہ کئی ہفتوں سے ملک سے باہرہی نہیں گئے،پاناماکے نائب وزیرمعیشت کی ان سے ملاقات کی خبریں بے بنیاداورحیران کن ہیں،ترجمان وزارت خزانہ

ہفتہ 16 اپریل 2016 20:56

اسحاق ڈارگزشتہ کئی ہفتوں سے ملک سے باہرہی نہیں گئے،پاناماکے نائب وزیرمعیشت ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 اپریل۔2016ء) وزارت خزانہ کے ترجمان نے کہاہے کہ وزیرخزانہ اسحاق ڈارگزشتہ کئی ہفتوں سے ملک سے باہرہی نہیں گئے،پاناماکے نائب وزیرمعیشت کی ان سے ملاقات کی خبریں بے بنیاداورحیران کن ہیں۔ہفتہ کووزارت خزانہ کے ترجمان نے الیکٹرانک میڈیا پر پانامہ کے نائب وزیرمعیشت آئیوان زاراک کے حوالے سے چلنے والے خبرکوبے بنیاداورانتہائی حیران کن قرار دیا ہے جس میں وزیرخزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات کا ذکر کیاگیا۔

میڈیا رپورٹس میں امریکی ٹی وی سی این این سے پاناما کے نائب وزیرمعیشت کے انٹرویو کے حوالے سے بتایا گیا کہ ان کی وزیرخزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات ہوئی ۔ترجمان نے کہا کہ وزیرخزانہ نے14 سے 17 اپریل کے دوران ورلڈبنک اورآئی ایم ایف کے سالانہ اجلاسوں میں شرکت کرناتھی لیکن انہوں نے اپناواشنگٹن کادورہ منسوخ کردیا پاناما کے نائب وزیرمعیشت اسحاق ڈار سے کس طرح ملاقات کرسکتے ہیں جبکہ وہ گزشتہ کئی ہفتوں سے ملک سے باہرہی نہیں گئے اور وہ پاکستان میں موجود رہ کرروزانہ کی بنیاد پر اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں جسے میڈیا میں بھی کوریج مل رہی ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ ورلڈبنک اورآئی ایم ایف کے اجلاسوں میں وفاقی سیکرٹری خزانہ ڈاکٹروقار مسعود خان پاکستان کی نمائندگی کررہے ہیں کیونکہ وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے اپنا دورہ منسوخ کردیاتھا ترجمان نے کہاکہ یہ معاملہ غلط رپورٹنگ کی بناء پرسی این این کے ساتھ بھی اٹھایاجارہاہے۔

متعلقہ عنوان :