Live Updates

شریف برادران نے اربوں روپے لوٹ کر بیرون ملک پراپرٹی بنا رکھی ہے،ثمرعلی خان

وقت آ گیا پاکستانی قوم متحد ہوکر ان کرپٹ مافیاکا کڑا احتساب کرے،رہنما پاکستان تحریک انصاف سندھ

ہفتہ 16 اپریل 2016 20:54

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 اپریل۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما و سندھ اسمبلی میں پارٹی کے پارلیمانی لیڈر ثمر علی خان نے کہا ہے کہ شریف برادران نے اربوں روپے لوٹ کر بیرون ملک کاروبار اور پراپرٹی بنا رکھی ہے۔ ان کے پاس کونسی جادو کی جھڑی ہے کہ ان کے کاروبار دن دگنی رات چوگنی ترقی کر رہے ہیں اور پاکستان کے قومی ادارے انہی کے دور اقتدار میں تباہی اور بربادی کے دہانے پر پہنچ چکے ہیں۔

اگر سریے کے کاروبار میں شریف برادران کے بچے اتنے تجربہ کار ہیں تو پاکستان کا قومی اثاثہ پاکستان اسٹیل ملز کو بھی شریف برادران کے بچوں کی سرپرستی میں دیں تاکہ قومی اثاثہ تباہی سے بچ جائے اور اسٹیل ملز کے مزدور وں کے گھروں کے چولہے بجھنے سے بچائے جا سکیں۔

(جاری ہے)

یہ باتیں انہوں نے گزشتہ روز اپنے حلقہ انتخاب پی ایس 113کے مختلف علاقوں کے دورے کے موقع پر پارٹی کارکنان اور علاقہ معززین سے بات چیت کرتے ہوئے کہیں اس موقع پر تحریک انصاف کے رہنما خاتون کونسلر ادیبہ عارف حسن،سادیہ آغا، افتخار فاروقی،فوادخان، سلیم بھائی اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

ثمر علی خان نے مزید کہا کہ شریف برادران کبھی بھی پانامہ لیکس کے عدالتی تحقیقات نہیں چاہتے ۔پورا نظام کرپٹ ہو چکا ہے اور باریاں لینے والے کبھی بھی کرپشن ختم نہیں کر سکتے۔ کرپشن کے ناسور نے پورے نظام کو کھوکھلا کر دیا ہے ۔اس فرسودہ اور کرپٹ نظام کے خاتمے کے لئے عملی سیاسی جدوجہد کی ضرورت ہے ۔جو تحریک انصاف کے قائد عمران خان روز اول سے کر رہے ہیں ۔

کیونکہ کرپشن کا خاتمہ ٖصرف وہ لوگ کر سکتے ہیں جو خود کرپشن سے پاک ہوں۔ قومی خزانہ لوٹنے والوں کی زندگی خوشحال لیکن پوری قوم کی زندگی بد حال ہو چکی ہے ۔ثمر علی خان نے مزید کہا کہ ہمارے حکمرانوں کی لوٹ مار کی کہانیاں کبھی پانامہ لیکس ، کبھی وکی لیکس اور کبھی سوئس بینک کے اکاؤنٹ میں نظر آتی ہیں۔ وقت آ گیا ہے کہ پاکستانی قوم متحد ہوکر ان کرپٹ مافیاکا کڑا احتساب کرے اور پاکستانی قوم کے لوٹے ہوئی دولت کے ایک ایک پائی کا حساب لیا جائے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات