Live Updates

جماعت اسلامی خیبرپختونخوا نے بینک آف خیبر کے ایم ڈی کو ہٹانے کا مطالبہ کر دیا

بینک آف خیبر کے ایم ڈی نے اختیارات سے تجاوز کیا، اشتہارات تحریک انصاف ،جماعت اسلامی میں پھوٹ ڈالنے کی کوشش ہے، مشتاق احمد

ہفتہ 16 اپریل 2016 20:54

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 اپریل۔2016ء) جماعت اسلامی خیبرپختونخوا نے منیجنگ ڈائریکٹرخیبربینک کی جانب سے لگائے گئے تمام الزامات کو جھوٹ پرمبنی قرار دیا ہے اور واضح کیاہے کہ جماعت اسلامی کسی بھی صورت میں بینک آف خیبرکی نجکاری کیلئے تیار نہیں ۔ الزامات کے حوالے سے جماعت اسلامی عدالت سے رجوع کریگی۔ مرکز اسلامی پشاور بینک آف خیبر کے ایم ڈی کی جانب سے صوبائی وزیر خزانہ مظفرسید پر لگائے گئے الزامات کے جواب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے صوبائی امیر نے مشتاق احمدخان کہناتھاکہ پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کے درمیان کسی قسم کے اختلافات نہیں ہیں ، اخبارات میں اشتہارآنے کے بعد انہوں نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخواسے ملاقات بھی کی جس میں وزیراعلیٰ جماعت اسلامی کوہرقسم کی مدد کرنے کی یقین دہانی کرائی اورواضح کیاہے کہ بینک آف خیبرکے ایم ڈی نے اختیارات سے تجاوزکیاہے اور ان کیخلاف کارروائی ہوگی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سینئر صوبائی وزیر عنایت اﷲ خان اور صوبائی وزیر خزانہ مظفر سید بھی انکے ساتھ موجود تھے۔ انہوں نے کہاکہ ایم ڈی نے بینک آف خیبر جیسے صوبے کے مالی ادارے کی ساکھ کو بری طرح نقصان پہنچایاہے اشتہارکی وجہ سے بینک آف خیبر کے ساکھ کو شدیددھچکاپہنچااوراسکی بدنامی ہوئی ہے حکومت سے مطالبہ ہے کہ ایم ڈی کو فوری طور پر برطرف کیاجائے ،مشتاق احمدخان کاکہناتھاکہ بینک کے ایم ڈی نے اپنے آپ کو بچانے کیلئے ساراملبہ جماعت اسلامی کے وزیر پرڈال دیاحالانکہ جماعت اسلامی خوداپنے وزراء اور اراکین کا ماہانہ احتساب کرتی ہے ایم ڈی نے اشتہارات میں جوالزامات لگائے ہیں اس کے ثبوت فراہم کرے انکاکہناتھاکہ بینک کے کارپوریٹ امور میں سیاسی مداخلت نہیں چل سکتی ایم ڈی کی تعیناتی کیلئے ایک طریقہ کار ہوتاہے جب کہ موجودہ ایم ڈی قواعدوضوابط پر پورانہیں اترتے اشتہارمیں سیاسی جلسوں کے حوالے سے بیان کی تردید کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ انہوں نے بینک کی رقم سے کوئی جلسہ نہیں کیا بلکہ بنکوں کے شاخوں کی افتتاحی تقریبات منعقد ہوئی ہیں جس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا،بینک عملہ اور وزیرخزانہ نے شرکت کی جو بینک کا اپناپروگرام تھا جماعت اسلامی کانہیں۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات