چودھری پرویزالٰہی کا دور اقلیتوں کیلئے سنہری تھا، ڈاکٹر ڈیوڈ کی قیادت میں کنزرویٹو پارٹی کینیڈا کے وفد کی ملاقات

پارٹی کی تنظیم نو کر رہے ہیں اسلام اور قائداعظمؒ کے فرمان کے مطابق اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ کرتے رہیں گے‘ سابق نائب وزیراعظم

ہفتہ 16 اپریل 2016 20:52

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 اپریل۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی سے یہاں ان کی رہائش گاہ پر کینیڈا کی کنزرویٹو پارٹی کے وفد نے ڈاکٹر ڈیوڈ چالز کی سربراہی میں ملاقات کی۔ وفد میں لیڈر سرکل عبید چودھری اور نویل چودھری شامل تھے جبکہ اس موقع پر سابق ایم این اے میاں محمد منیر، سابق ایم پی اے انجینئر شہزاد الٰہی اور مسلم لیگ مینارٹی ونگ لاہور کے آرگنائزر ندیم شہزاد بھی موجود تھے۔

اس موقع پر ڈاکٹر ڈیوڈ چالز نے کہا کہ چودھری پرویزالٰہی کا دور بطور وزیراعلیٰ اقلیتوں کیلئے سنہری تھا، اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ اور ترجمانی صرف اور صرف مسلم لیگ کر رہی ہے، چودھری پرویزالٰہی کی حکومت کا چرچوں سمیت تعلیمی اداروں کی واپسی اور مالکانہ حقوق دینا قابل تحسین ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چودھری شجاعت حسین نے بیرون ملک سے پاکستانیوں کی میتیں فری وطن لانے کا جو قانون بنایا تھا اس سے اوورسیز پاکستانیوں کو بہت فائدہ ہوا۔

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ کے منشور میں یہ بات اولین ترجیح رکھتی ہے کہ اسلامی اصولوں اور قائداعظمؒ کے فرمان کے مطابق اقلیتوں کو حقوق دئیے جائیں اور انہیں مکمل تحفظ فراہم کیا جائے اسی لیے پہلی بار ہم نے پنجاب میں نا صرف ان کیلئے وزارت قائم کی بلکہ چرچوں اور اقلیتوں کی عبادت گاہوں کیلئے فنڈز مختص کیے، مالکانہ حقوق دئیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ کی تنظیم نو کا عمل جاری ہے اس کیلئے کینیڈا میں بھی پارٹی کو مزید فعال بنایا جائے گا۔ کنزرویٹو پارٹی کے لیڈر سرکل ڈاکٹر ڈیوڈ چالز نے چودھری پرویزالٰہی کو دورۂ کینیڈا کی دعوت اور پارٹی کیلئے اپنی خدمات پیش کیں۔

متعلقہ عنوان :