Live Updates

تحفظات سے بالاتر ہوکر اپوزیشن حکمرانوں کے محاسبے کیلئے متحد ہوجائے، قاضی عبدالقدیر خاموش

پیپلز پارٹی،پی ٹی آئی وسیع تر ملکی مفاد میں تلخیاں بھلادیں، ورنہ قوم مزید الجھنوں کا شکار ہوگی، علما سے گفتگو

ہفتہ 16 اپریل 2016 20:29

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔16 اپریل۔2016ء) جمعیت علمااہل حدیث پاکستان کے سربراہ قاضی عبدالقدیر خاموش نے کہا ہے کہ پانا لیکس میں حکمرانوں کی کرپشن بے نقاب ہوچکی ہے ، اپوزیشن جماعتیں چھوٹے چھوٹے تحفظات اور خدشات سے بلند ہوکران کا محاسبہ کریں ، ورنہ یہ اشرافیہ لوٹی دولت کو تحفظ دینے کے لئے ملک کے مستقبل کو داو پر لگانے سے بھی گریز نہیں کرے گا۔

علما کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کو باہمی تلخیوں کو بھلا کر ملک کے وسیع تر مفاد میں متحدہوجانا چاہیے، ورنہ نواز شریف، شہباز شریف کی شکل میں کرپشن کا اژدہا، ملکی دولت کو ہڑپ کرلے گا۔ اورملک و قوم مزید الجھنوں کا شکار ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کا محاسبہ ضروری ہے، جس کے لئے تمام اپوزیشن جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھے ہونا چاہیے۔

(جاری ہے)

انتخابی تلخیاں اور بیان بازیاں ملکی مفاد کی خاطر فی الحال پس پشت ڈال دیں۔ قاضی عبدالقدیر خاموش نے کہا کہ جو لوگ ملک میں معمولی چیک اپ نہیں کرواسکتے، اور برطانیہ بھاگ جاتے ہیں، ان کی حب الوطنی کہا ں گئی؟اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ انہیں ملکی اداروں اور ہسپتالوں پر کتنا اعتماد ہے۔ اور کس حدقوم پر اعتما دکرتے ہیں؟ اگر انہوں نے سرکاری ہسپتالوں میں علاج معالجے اور تعلیمی اداروں میں تعلیم کا بہتر انتظام کیا ہوتا، تو اپنے بچے امریکہ اور برطانیہ تعلیم کیلئے اور خود علاج کے لئے باہر نہ جاتے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات