چھوٹو گینگ کیخلاف فوجی آپریشن قوم کی آواز ہے ،سردار شاکر مزاری

لاہور میں بیٹھے وڈو گینگ کے خلاف بھی آپریشن کیا جائے،مرکزی نائب ناظم اعلیٰ تنظیمات تحریک منہاج القرآن کی مختلف وفود سے ملاقات میں گفتگو

ہفتہ 16 اپریل 2016 20:29

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔16 اپریل۔2016ء) تحریک منہاج القرآن کے مرکزی نائب ناظم اعلیٰ تنظیمات سردار شاکر مزاری نے کہا ہے کہ کچے کے علاقے میں بدنام زمانہ ڈکیٹ چھوٹو کے گینگ پر ہاتھ ڈالنے کیلئے بغیر ہتھیاروں اور تیاری کے پولیس کو لے جانا ،انہیں قتل کرنے کے مترادف ہے۔جس کی ذمہ داری آئی جی پنجاب اور پنجاب حکومت پر عائد ہوتی ہے۔

پاک آرمی کی جو مدد اب حاصل کی گئی ہے اگر یہی مدد شروع میں لے لی جاتی تو شائد معصوم جانیں ضائع نہ ہوتیں۔ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ چھوٹو گینگ کے ہاتھوں شہید ہونیوالے معصوم پولیس اہلکاروں کے قتل کا مقدمہ آئی جی پنجاب اور چھوٹو گینگ کے سرپرست رانا ثناء اللہ اور وزیراعلیٰ پنجاب کے خلاف درج کیا جائے۔مختلف وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے سردار شاکر مزاری نے کہا کہ لاہور میں بیٹھا ہوا وڈو گینگ سیاست کے نام پر اسی طرح کے چھوٹو گینگ تیار کرتا ہے ۔

(جاری ہے)

چھوٹو گینگ کے خلاف فوجی آپریشن پوری قوم کی آواز ہے اور پوری قوم اپنی بہادر افواج کی کامیابی کیلئے دعا گو ہے مگر چھوٹو گینگ کے ساتھ ساتھ لاہور میں بیٹھے ہوئے ”وڈوگینگ“کے خلاف بھی آپریشن کیا جائے۔آرمی چیف ضرب عضب کا رخ رائیونڈ اور ماڈل ٹاؤن کے محلات کی جانب بھی موڑیں کیونکہ جب تک لاہور میں ”وڈو گینگ“اقتدار کی کرسی پر فائز ہے اس وقت تک پنجاب میں چھوٹو گینگ پیدا ہوتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ چھوٹو گینگ کے سربراہ کو زندہ گرفتار کیا جائے تاکہ وہ پانے سرپرست ”وڈوگینگ“ کے چہرے سے نقاب ہٹا سکے۔انہوں نے کہاکہ چھوٹو گینگ کا کھرا لاہور میں وزیراعلیٰ ہاؤس اور رانا ثناء اللہ ہاؤس کی طرف جاتا ہے۔اس موقع پر چوہدری محمد اکرم گجر نمبردار،چوہدری قمرعباس دھول،طارق بھابھہ،رانا منور علی ،سعید اعوان اور راؤ محمد عارف رضوی بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :