حکومت نے جرائم پیشہ افراد کیخلاف آپریشن جاری رکھنے کافیصلہ کیا ہے ،سید قائم علی شاہ

کسی بھی صورت جرائم پیشہ افراد کیخلاف کوئی نرمی اختیار نہیں کی جائے گی،وزیر اعلیٰ سندھ

ہفتہ 16 اپریل 2016 20:22

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔16 اپریل۔2016ء) حکومت سندھ نے صوبہ بھرمیں جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن جاری رکھنے کافیصلہ کیا ہے اوراس بات کاعہد کیا ہے کہ کسی بھی صورت میں کسی جرائم پیشہ افراد کے خلاف کوئی نرمی اختیار نہیں کی جائے گی،یہ بات وزیراعلی سندھ سیدقائم علی شاہ اورڈی جی رینجرز میجرجنرل بلال اکبر کے درمیان ہونے والی ملاقات میں طے کی گئی ذرائع کے مطابق اجلاس میں صوبہ بھر میں امن وامان کی بحالی پرغورکیاگیا اورفیصلہ کیا گیا کہ جب تک صوبہ بھر میں جرم ختم نہیں ہوں گے اس وقت تک آپریشن جاری رہے گا جب تک جرائم پیشہ افراد کاخاتمہ نہیں ہوجاتا،ذرائع نے بتایا کہ اس اجلاس میں گرفتار جرائم پیشہ افراد کے مقدمات کی پراسیکیوشن موثر بنانے پربھی اتفاق کیاگیا اورطے کیاگیا کہ سرکاری وکلاء کوسختی سے ہدایت کی جائے گی کہ وہ کیس موثرانداز میں پیش کریں تاکہ مضبوط کیس کی بدولت ملزمان رہانہ ہوسکیں اورحکومتی کمزوری کافائدہ نہ اٹھاسکیں،اجلاس میں پولیس اوررینجرز کی مشترکہ تفتیش پربھی اطمینان کااظہار کیاگیا اورکہا گیا کہ اس سے جرائم پیشہ افراد کوسزاؤں میں اضافہ ہوگا۔