چارسدہ ، دہشت گردی کے متعدد واقعات میں مطلوب خطرناک اشتہاری مجرم فرمان اﷲ فرمانے پولیس مقابلے میں ہلاک

ہفتہ 16 اپریل 2016 20:04

چارسدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 اپریل۔2016ء) خوف و دہشت کی علامت اور دہشت گردی کے متعدد واقعات میں مطلوب خطرناک اشتہاری مجرم فرمان اﷲ عرف فرمانے پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگیا۔ ڈی پی او چارسدہ کی طرف سے آپریشن میں حصہ لینے والے فورسزکے جوانوں کیلئے ون سٹپ پروموشن اور نقد انعامات کا اعلان کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈی ایس پی چارسدہ نذیر خان کی قیادت میں پولیس فورس نے پشاور روڈ پر واقع حسین آباد میں ایک کاروائی کے دوران خوف و دہشت او ر دہشت گردی کے متعدد واقعات میں مطلوب خطرناک شدت پسند فرمان اﷲ عرف فرمانے کو پولیس مقابلے میں ہلاک کر دیا ۔

اس حوالے سے تھانہ پڑانگ پولیس کے ایس ایچ او گل مالک خان نے سرکار کی طرف سے ایف آئی آر درج کر تے ہوئے بتایا کہ ڈی پی او چارسدہ سہیل خالد خان کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ قتل ، اقدام قتل ،بھتہ خوری ،دہشت گردی اور دیگر درجنوں جرائم میں مطلوب خطرناک اشتہاری مجرم فرمان اﷲ حسین آباد میں اپنے زیر تعمیر مکان میں موجود ہے جس پر ڈی ایس پی نذیر خان کی قیادت میں پولیس پارٹی تشکیل دی گئی جس میں وہ خود شریک تھے جبکہ ایس ایچ او تھانہ سٹی عمران خان اور پولیس کی بھاری نفری بھی موجود تھی ۔

(جاری ہے)

حسین آباد میں حسب اطلاع پولیس نے فرمان اﷲ کے زیر تعمیر مکان پر چھاپہ لگایا جس پر فرمان اﷲ اور ان کے ساتھیوـں نے پولیس پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی ۔ پولیس کی جوابی فائرنگ سے فرمان اﷲ عرف فرمانے موقع پر ہلاک جبکہ ان کے دیگر ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ۔ بعد ازاں فرمان اﷲ عرف فرمانے کی نعش ضروری کاروائی کیلئے سٹی تھانہ چارسدہ منتقل کی گئی۔

ڈی ایچ کیو ہسپتال چارسدہ میں پوسٹ مارٹم کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کیا گیا ۔مقتول فرمان اﷲ کے لواحقین کی طرف سے تاحال کوئی ایف آئی آر درج نہیں کی گئی ۔ دوسری طرف ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سہیل خالد خان نے اپریشن میں حصہ لینے والے پولیس فورس کو ون سٹپ پروموشن ،نقد انعامات اور توصیفی سرٹفیکیٹ دینے کا اعلان کیا اور واضح کیا کہ آئی جی خیبر پختون خواہ ناصر خان درانی خصوصی تقریب میں شیر جوانوں کو توصیفی سرٹفیکیٹ اور انعامات دینگے ۔

متعلقہ عنوان :