پانامہ لیکس پر سیاست کرنیوالے کرپشن کا خاتمہ نہیں اپنے مفادات چاہتے ہیں‘ ثروت اعجاز قادری

جوڈیشل کمیشن کاکام ہی تحقیقات کرنا اور اصل کرداروں کو سامنے لانا ہوتا ہے ،کڑا احتساب ہونا چاہیے ‘ سربراہ پاکستان سنی تحریک

ہفتہ 16 اپریل 2016 19:59

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 اپریل۔2016ء) سر براہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس پر ملزمان کی گرفتاری کی بجائے سیاست کرنیوالے کرپشن کا خاتمہ نہیں اپنے مفادات چاہتے ہیں ،جوڈیشل کمیشن کاکام ہی تحقیقات کرنا اور اصل کرداروں کو سامنے لانا ہوتا ہے ،پانامہ لیکس کے ملزمان کا کڑا احتساب ہونا چاہیے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سیکر ٹری شیخ محمد نواز قادری سے ٹیلی فو نک گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ثروت اعجاز قادری کا کہنا تھا کہ پاناما لیکس کے ملزمان کو قا نونی اور سیاسی طور پر بچنے کا راستہ نہیں ملنا چاہیے عوام ملک کی دولت لوٹنے والوں کو سلاخوں کے پیچھے دیکھنا چاہتے ہیں ،موجودہ حکومت اپنا اخلاقی جواز کھوچکی ہے ،وزیر اعظم استعفی دیکر احتساب کیلئے خود کو پیش کردیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک سے کرپشن کا خاتمہ ملک کی ترقی کی ضمانت ہے ، را کے ایجنٹ کلبھوشن یادو کی گرفتاری پر حکومت کا سخت رد عمل نہ آ نا سمجھ سے بالا تر ہے ،بھارت میں کچھ بھی ہوجائے توبھارتی حکومت اور پورا میڈیا رات دن پاکستان کے خلاف ایک کردیتا ہے پاکستان میں را کے ایجنٹ کی گرفتاری پر حکومت کی پر اسرار خاموشی نے عوام کو مایوس کیا ہے ،قومی وقار ، ملکی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ عوام برداشت نہیں کرینگے ،بھارت پاکستان میں دہشتگردی کی کاروائیوں میں ملوث ہے جس کے واضع ثبوت پوری دنیا کو پاکستان نے دے دیئے ہیں ، اقوام متحدہ اور بین الاقوامی طاقتوں کی خاموشی تشویشناک عمل ہے ،خطے میں طاقت کے توازن کو بیلنس رکھ کر ہی دیرپا امن وامان کے قیام کو ممکن بنایا جاسکتا ہے ،پاک چین راہ داری منصوبہ کی راہ میں کسی رکاوٹ کو برداشت نہیں کیا جائیگا ۔