خیبرپختونخوا کی سیاسی جماعتوں کا وفاقی حکومت سے ملک میں مردم شماری کرانے کیلئے فوری تاریخ مقرر کرنے کامطالبہ

مردم شماری کرنے کیلئے فوری تاریخ مقرر کی جائے ، اندازوں پر حکو متیں نہیں چلتی ، مردم شماری کے بغیر وسائل کی منصفانہ تقسیم ممکن نہیں،آفتاب احمدخان شیرپاؤ

ہفتہ 16 اپریل 2016 19:43

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 اپریل۔2016ء) خیبرپختونخوا کی سیاسی جماعتوں نے کل جماعتی کانفرنس میں فاقی حکومت سے ملک میں صحیح مردم شماری کرانے کیلئے فوری طورپر تاریخ مقرر کرنے کامطالبہ کیا ہے ،پشاور میں قومی وطن پارٹی کے زیر اہتمام مردم شماری کے التواء کے بارے میں آل پارٹی کانفر نس (اے پی سی ) منعقد ہوئی۔آل پارٹی کانفرنس میں عوامی نیشنل پارٹی ،جماعت اسلامی ،قومی وطن پارٹی ،جے یوآئی ،اورپیپلزپارٹی سمیت دیگر جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔

اے پی سی کے مشترکہ اعلامیہ میں وفاقی حکومت سے ملک میں صیحح مردم شماری کے لئے فوری تاریخ مقرر کرنے کا مطالبہ کیا گیا تاکہ مردم شماری کے بغیر وسائل کی صیحح تقیسم ممکن نہیں۔اے پی سی میں ہونے والے فیصلوں کے بارے میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب شیر پاو نے وفاقی حکومت کے رویے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مردم شماری کرنے کیلئے فوری تاریخ مقرر کیا جائے کیونکہ اندازوں پر حکو متیں نہیں چلتی ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت فوج کی بجائے ملک کے دیگر اداروں کی مدد سے شفاف مردم شماری کو یقینی بنا سکتی ہے کیونکہ مردم شماری سے ہی صوبوں کے حقوق وابستہ ہیں شفاف مردم شماری کے بغیر وسائل کی منصفانہ تقسیم ممکن نہیں۔

(جاری ہے)

، ان کا کہنا تھا کہ مردم شماری کے عمل کو شفاف بنانے کے لئے وفاقی شماریات بیورو کے تحت قائم کردہ گورننگ کونسل میں ہر صوبے کا ایک ایک نمائندہ بھی شامل کیا جائے آل پارٹیز کانفرنس نے تمام جماعتوں کے اراکین قومی اسمبلی وسینٹ کو مردم شماری کے حوالے سے قراردادیں جمع کرانے کا پابند قرار دے دیا ۔ آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے کہا کہ آئین کے تحت دس سال بعد مردم شماری لازمی ہے مگر گزشتہ 17سالوں سے بلا جواز اس مسئلے کو التوا میں ڈالا گیا ہے انہوں نے کہا کہ عوام کا وفاق سے اعتماد اٹھ رہا ہے حکومت کا یہ بہانا کہ مردم شماری کیلئے تین لاکھ فوج دستیاب نہیں تو متبادل کے طور پر دیگر سیاسی اداروں کے ذریعے اسکا انعقاد کیا جائے،محض اندازوں اور تخمینوں کی بنیاد پر وسائل کی تقسیم چھوٹے صوبوں کیلئے نقصان دہ ہے اگر حکومت فی الفور مردم شماری کی تاریخ کااعلان نہیں کرتی تو پھر اے پی سی میں شامل تمام جماعتوں کے پارلیمنٹرینز ایوان بالا ،ایوان زیریں اور صوبائی اسمبلیوں میں قرارداد پیش کریں گے۔