وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس ،پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں پرپیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا

آئندہ دو برس میں اربوں روپے سے دیہی علاقوں میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائیں گے‘شہبازشریف اورنج لائن میٹروٹرین کا منصوبہ ٹرانسپورٹ کلچر بدل دیگا، عام آدمی کی سفری مشکلات کم ہونگی،محمد شہبازشریف کااجلاس سے خطاب

ہفتہ 16 اپریل 2016 19:33

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 اپریل۔2016ء ) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت یہاں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا،جس میں پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں پرپیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت، معیاری اور شفاف تکمیل حکومت کی پالیسی ہے اورمتوازن ترقی کی پالیسی کے تحت پسماندہ علاقوں کی ترقی پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے۔

صوبے بھر میں مکمل کیے جانیوالے بڑے ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات عوام تک پہنچ رہے ہیں ۔تعلیم ،صحت اورسماجی ترقی کے شعبوں میں اربوں روپے کے فلاحی منصوبوں پرتیزری سے کام جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دانش سکول ،پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ،لیپ ٹاپ کی تقسیم،پوزیشن ہولڈرز کی حوصلہ افزائی کے پروگراموں کے تعلیمی شعبے پر مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں ۔

(جاری ہے)

تمام دانش سکولزپسماندہ علاقوں میں معیاری تعلیم کے فروغ کے لئے قائم کیے گئے ہیں ۔دانش سکولوں سے غریب گھرانوں کے بچوں پر معیاری تعلیم کے دروازے کھلے ہیں ۔پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈکے ذریعے ڈیڑھ لاکھ سے زائدکم وسیلہ ذہین طلباء و طالبات علمی پیاس بجھا رہے ہیں ۔پنجاب حکومت نے وسائل کا رخ کم ترقی یافتہ علاقوں کی جانب موڑ دیا ہے اور پسماندہ علاقوں کی ترقی حکومت کی ترجیح ہے۔

راولپنڈی،اسلام آباد اور لاہور میں میٹروبس منصوبے کے بعدملتان میں میٹروبس پراجیکٹ پر تیزی سے کام کیا جا رہا ہے اورشفافیت کی پالیسی کے تحت وسائل کو امانت سمجھ کر عوام کی فلاح پر صرف کیا جارہا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ کفایت شعاری اورمالیاتی ڈسپلن کے ذریعے بچائے گئے اضافی وسائل بھی عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر خرچ کیے جارہے ہیں ۔

قوم کے وسائل امیر اور غریب کے درمیان خلیج کو کم کرنے کے منصوبوں پر لگائے جا رہے ہیں ۔ترقیاتی سکیموں کی بروقت تکمیل یقینی بنانا متعلقہ اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے ۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے تھرڈ پارٹی آڈٹ پالیسی پر سختی سے عملدر آمد کیا جائے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کے کلچر کو فروغ دے کر قوم کے اربوں روپے بچائے ہیں اورغریب قوم کے وسائل بچانے کی ملک کی تاریخ میں کوئی اور مثال نہیں ملتی۔

ایسے ترقیاتی منصوبے اور پروگرام آگے بڑھا رہے ہیں ،جن سے زیادہ سے زیادہ غریب عوام مستفید ہوں۔انہوں نے کہا کہ آئندہ دو برس میں دیہی علاقوں میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائیں گے اوراس بڑے پروگرام پر 70ارب روپے خرچ کیے جارہے ہیں۔پینے کے صاف پانی کے بڑے منصوبے کا آغاز جنوبی پنجاب سے کیاگیاہے ۔صوبے بھر کی دیہی سڑکوں کی تعمیر و بحالی پر 150ارب روپے خرچ کیے جارہے ہیں ۔

عوام کو ٹرانسپورٹ کی معیاری اورتیزرفتار سفری سہولیات کی فراہمی بھی ہماری پہلی ترجیحی ہے ۔اور نج لائن میٹروٹرین کا منصوبہ ٹرانسپورٹ کلچر کو بدل دے گا۔انہوں نے کہا کہ میٹروٹرین کے منصوبے کی تکمیل سے عام آدمی کی سفری مشکلات کم ہوں گی اورصوبے بھر میں جاری بڑے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے غریب عوام کے طرز زندگی میں بہتری آئے گی۔صوبائی وزراء مجتبیٰ شجاع الرحمان،عائشہ غوث پاشا،مشیر اقتصادی امور ڈاکٹر اعجاز نبی،چیف سیکرٹری پنجاب ،چےئرمین منصوبہ بندی وترقیات اور متعلقہ سیکرٹریزنے اجلاس میں شرکت جبکہ سیکرٹری ایکسائز،ڈی سی او آفس رحیم یار خان اورچےئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی ،ڈی سی او آفس ملتان سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے ۔

متعلقہ عنوان :