روس شامی صدربشار الاسد کو جنگ بندی کا پابند بنائے،جان کیری

امریکی وزیرخارجہ کی روسی ہم منصب سے ٹیلی فونک گفتگو،شام،یوکرائن کی صورتحال پر بات چیت ہوئی،روسی وزارت خارجہ

ہفتہ 16 اپریل 2016 18:14

ماسکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 اپریل۔2016ء) امریکی وزیرخارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ شام میں بحران کے حل اورامن بات چیت کامیاب بنانے کے لیے تمام فریقین کا جنگ بندی پر قائم رہنا ضروری ہے۔ خاص طورپر شام کی سرکاری فوج کی جانب سے آئے روز جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کی روک تھام ناگزیر ہے اور روس اس میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ روس کو شام میں جنگ بندی کو آگے بڑھانے اور صدر بشارالاسد کو جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کی روک تھام کے لیے مدد کرنی چاہیے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی وزیرخارجہ جان کیری نے اپنے روسی ہم منصب سیرگئی لاوروف سے ٹیلیفون پر بات چیت میں کہا کہ امریکا کو توقع ہے کہ ماسکو حکومت شام میں صدر بشار الاسد کو جنگ بندی کی خلاف ورزیوں سے باز رکھنے میں اپنا کردار ادا کرے گی۔

(جاری ہے)

امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان جان کیری نے کہا کہ وزیر خارجہ نے روسی ہم منصب سے ٹیلیفون پر بات چیت میں شام میں سرکاری فوج کے ہاتھوں جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ روس کو چاہیے کہ وہ اسد رجیم کو جنگ بندی کی خلاف ورزیوں سے باز رکھے۔

قبل ازیں روسی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا کہ جان کیری اور لاوروف کے درمیان ہوئی ٹیلیفونک بات چیت میں شام کے بحران کے پرامن حل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہ نماؤں کے درمیان ہوئی بات چیت میں یوکرائن کا معاملہ بھی زیربحث آیا۔

متعلقہ عنوان :