صنعتی ترقی کے لئے سائنسی تحقیق کلیدی کردار کی حامل ہے، کاٹی

پی ایس آئی آر نے صنعتوں کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے اہم کردار ادا کیا،صدر زاہد سعید

ہفتہ 16 اپریل 2016 18:06

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 اپریل۔2016ء) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) کے صدر زاہد سعید، سنییر نائب صدر سلیم الزماں اور نائب صدر سید واجد حسین نے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ صنعتی ترقی کے لیے سائنسی تحقیق کلیدی کردار کی حامل ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کونسل آف سائنٹفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ(پی سی ایس آئی آر) نے اس حوالے سے اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے اور اس سلسلے میں صنعتی اور معاشی ترقی میں پی سی ایس آئی آر کے کردار کے متعلق 20اپریل کو ہونے والا سیمینار اور نمائش ایک اہم قدم ہے۔

انھوں نے کہا کہ صنعتی ترقی میں سائنس و ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادے کے لیے کونسل کی کاوشیں قابل ستائش ہیں اور ایسے پروگرامز سے نہ صرف صنعتی شعبے میں ہونے والی جدید تحقیق سے آگاہی کے مواقعے ملیں گے بلکہ صنعتوں کو درپیش مختلف مسائل حل کرنے کے لیے راہیں کھلیں گی۔

(جاری ہے)

بیان میں کہا گیا ہے کہ سائنسی تحقیق کے ذریعے صنعتی مشینری ، پراسیسنگ، اسٹینڈرائزیشن سمیت اہم صنعتی مراحل کو جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ ہم آہنگ اور نظام کو اپ گریڈ کیا جاسکتا ہے ، جس کی مدد سے کم لاگت میں زیادہ پیدوار حاصل کی جاسکتی ہے۔

کاٹی کے صدر زاہد سعید کا کہنا تھا کہ اس وقت صنعتوں کو پیداواری لاگت سمیت جن دیگر مسائل کا سامنا ہے سائنسی تحقیق کے ذریعے ان مسائل کے حل میں مدد مل سکتی ہے۔ انھوں نے صنعتی شعبے کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے پی سی ایس آئی آر کی کاوشوں کو بھی سراہا۔

متعلقہ عنوان :