ممتاز علی خان بھٹو سے میرپور بھٹو میں آبادگاروں ،کاشتکاروں کے وفدکی ملاقات ،مسائل سے آگاہ کیا

ہفتہ 16 اپریل 2016 18:06

میرپوربھٹو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 اپریل۔2016ء)پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما سابق وزیراعلیٰ و گورنر سندھ سردار ممتاز علی خان بھٹو سے میرپور بھٹو میں آبادگاروں اور کاشتکاروں کے وفد نے ملاقات کی، اس موقع پر وفد نے ممتاز علی بھٹو کو شکایت کرتے ہوئے بتایا کہ گندم کے لئے سرکاری باردانہ دینے سے افسران نے صاف انکار کردیا ہے، جس کی وجہ سے ہم حکومت کی جانب سے مقرر کی گئی قیمت سے دو سے تین سؤ روپے فی من کم قیمت پر گندم فروخت کرنے پر مجبور ہیں۔

جس پر ممتاز علی بھٹو نے وفد کو بتایا کہ ہمارے ساتھ بھی یہ ہی صورتحال ہے اور حکومت سندھ کی ہم سے دشمنی کی وجہ سے ہمیں بھی مارکیٹ میں کم قیمت میں گندم، سرسوں، چنے، مٹر وغیرہ فروخت کرنے پڑتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ باردانہ صرف زیپلے وڈیروں اور افسر شاہی کے لئے ہیں، جو فی بوری پر دو سے تین سؤ روپے لیکر باردانہ دے رہے ہیں، جبکہ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ زیپلے وڈیروں اور افسران نے مل کر باردانے کا کاروبار شروع کردیا ہے، اس صورتحال میں کس کو شکایت کریں؟ جبکہ حکمران ہی خود چور ہیں۔

(جاری ہے)

ممتاز علی بھٹو نے سندھیوں کو ہدایت کی کہ ہمت کریں، اپنی دھرتی کی حفاظت کریں اور اپنے حقوق کا تحفظ کریں، کیونکہ زیپلوں نے سندھیوں کو بھکاری بنا دیا ہے، اب تو حالت یہ ہے کہ مرد و زن خیرات کے لئے ہاتھ پھیلائے پھر رہے ہیں، اگر یہ صورتحال جاری رہی تو ہم سے یہ دھرتی بھی چھن جائے گی۔