مشرقی ملائشیاء: پاکستانی قونصلیٹ نہ ہونے سے تارکین وطن کومشکلات کا سامنا

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 16 اپریل 2016 18:01

کوالا لمپور ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔آئی پی اے۔16اپریل۔2016ء):مشرقی ملائشیاء صباہ میں پاکستانی قونصلیٹ نہ ہونے سے ہزاروں تارکین وطن کو شدید مشکلات کا سامنا، زمینی رابطہ نہ ہونے اور سینکڑوں کلو میٹر فاصلے کی وجہ سے تارکین وطن کا پاکستان ہائی کمیشن کوالا لمپور تک رسائی نا ممکن، سینکڑوں پاکستانی سہولیات نہ ملنے پر جیل میں بند ہزاروں حکومت پاکستان کی توجہ کے منتظر، تارکین وطن کا وزیر اعظم پاکستان ، وزارت خارجہ سے فی الفور پاکستانی قونصلیٹ کے قیام کا مطالبہ اور پھنسے شہریوں کی مدد کی اپیل ،تفصیلات کے مطابق مشرقی ملائشیاء کی ریاست صباہ اور کوالا لمپور کے درمیان 1500کلو میٹر سے زائد فضائی راستہ ہے جبکہ زمینی راستہ کوئی نہیں جبکہ صباہ میں پاکستانی قونصلیٹ نہ ہونے کی وجہ سے ہزاروں پاکستانیوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ، صباہ میں مقیم پاکستانی صحافی واجد علی نے بتایا کہ کئی تارکین وطن پاسپورٹ کی تجدید یا گمشدہ پاسپورٹ کے دوبارہ حصول کیلئے پاکستان ہائی کمیشن کوالا لمپور تک نہیں پہنچ پاتے کہ انہیں مقامی امیگریشن سے سفری اجازت نامہ کیلئے رجوع کرنا پڑتا ہے اس حوالہ سے ویزہ میعاد ختم ہونے کی وجہ سے گرفتاری کے خوف سے لوگ امیگریشن نہیں جاتے اور اگر کسی کو اجازت نامہ مل بھی جائے تو انہیں کوالا لمپور ایئر پورٹ ہوائی جہاز سے سفر کرنا پڑتا ہے جو کافی مہنگا پڑتا ہے، معلوم ہوا ہے کہ پاکستانی قونصلیٹ نہ ہونے کی وجہ سے مسائل کا شکار سینکڑوں پاکستانی مشرقی پاکستان کی جیلوں میں بند ہیں جبکہ ہزاروں پاکستان خوف میں مبتلا ہو کر پھنس چکے ہیں جہاں پاکستان ہائی کمیشن کے افسران بھی جانا گوارہ نہیں کرتے ہیں، ملائشیاء میں موجود ہزاروں تارکین وطن نے وزیر اعظم پاکستان ، وزارت خارجہ سے فی الفور پاکستانی قونصلیٹ کے قیام کا مطالبہ کرتے ہوئے پھنسے تارکین وطن کی مدد کی اپیل کی ہے۔