اپوزیشن جماعتیں صرف پوائنٹ سکورنگ کیلئے پانامہ لیکس کو سیاسی رنگ دے رہی ہیں ٗرانا تنویر حسین

ہفتہ 16 اپریل 2016 17:14

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 اپریل۔2016ء) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی و دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں صرف پوائنٹ سکورنگ کیلئے پانامہ لیکس کو سیاسی رنگ دے رہی ہیں ٗ حکومت کسی بھی ریاستی ادارے سے پانامہ لیکس پر شفاف اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کرانے کیلئے تیار ہے۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ حکومت کسی بھی ریاستی ادارے سے پانامہ لیکس پر شفاف اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کرانے کیلئے تیار ہے۔

(جاری ہے)

رانا تنویر حسین نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)کے بعض رہنماؤں کو پی ٹی آئی سمیت اپوزیشن جماعتوں کے پارلیمانی رہنماؤں کے ساتھ مشاورت کا کام سونپ دیا گیا ہے تاکہ اتفاق رائے سے ایک آزادانہ تحقیقاتی کمیشن قائم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں کمیشن تشکیل دینے میں سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کر رہی اور صرف اس معاملے پر سیاست کررہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کے رہنماء عمران خان نے شوکت خانم چیئرٹی فنڈز سے آف شور کمپنیوں میں سرمایہ کاری کی ہے۔