افغانستان ، طالبان کے ساتھ جھڑپ میں ضلعی پولیس چیف سمیت 6اہلکار ہلاک

ہفتہ 16 اپریل 2016 16:40

کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔16 اپریل۔2016ء) افغانستان میں طالبان کے ساتھ جھڑپ میں ضلعی پولیس چیف سمیت 6اہلکار ہلاک ہوگئے جبکہ افغان سیکورٹی فورسز کی کاروائی میں 3 خواتین اور3 کمانڈروں سمیت10 چیچن جنگجو ہلاک ہوگئے ،افغان انٹیلی جنس نے طالبان کے فرضی گورنر کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔ہفتہ کو افغان میڈیاکے مطابق شمالی صوبہ فریاب میں طا لبان کے ساتھ جھڑپ میں ضلعی پولیس چیف سمیت 6اہلکار ہلاک ہوگئے۔

مقامی حکام کا کہنا ہے کہ طالبان اور پولیس کے درمیان جھڑپ ضلع گرزیوان میں ہوئی جس میں ضلعی پولیس چیف جنرل نجیب اللہ اپنے 5 سیکورٹی گارڈز سمیت ہلاک ہوگئے۔ایک ہفتے میں جنرل نجیب اللہ پولیس کے دوسرے سینئر افسر ہیں جنھیں طالبان نے ہلاک کیا ہے ۔

(جاری ہے)

اس سے قبل سینئر پولیس افسر کمانڈر قندوز ہائی وے کو تخار میں سات محافظوں سمیت طالبان نے ہلاک کردیا تھا۔

ادھر صوبہ لوگر میں افغان سیکورٹی فورسزکے آپریشن میں 3 چیچن خواتین سمیت 10 جنگجو ہلاک ہوگئے ۔مقامی سیکورٹی حکام کا کہنا ہے کہ خواتین عسکریت پسندوں کو ضلع خروار میں ایک مسلح جھڑپ کے دوران ہلاک کیاگیا۔صوبائی گورنر کے ترجمان سلیم صالح کا کہنا ہے کہ مارے جانے والے 7 چیچن جنگجوؤں میں 3 کمانڈر بھی شامل ہیں۔انکا کہناتھاکہ آپریشن زرغوان آپریشن کی کاروائیوں کے طور پر عسکریت پسندوں کی سرگرمیوں کو دبانے اور لوگر میں انکے زیر اثر علاقوں کو صاف کرنے کیلئے کیا گیا تھا۔

افغان انٹیلی جنس نے مشرقی صوبہ غزنی کیلئے طالبان کے فرضی گورنر کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیاہے۔این ڈی ایس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ طالبان کے فرضی گورنر قاری یوسف کوصوبہ خوست کے ضلع گرباز کے گاؤں شیخ عامر میں فوجی آپریشن کے دوران گرفتار کیا گیاہے۔بیان میں مزید کہاگیا ہے کہ قاری یوسف گرفتاری سے قبل حکومتی اداروں پرمربوط حملوں کی منصوبہ بندی کررہا تھا جسے آپریشن کے دوران خواتین کے لباس میں فرار ہونے کی کوشش کے دوران گرفتار کیا گیا۔

دوسری جانب افغان پولیس نے قندوز صوبے میں طالبان عسکریت پسندوں کو قابو کرنے کے جامع پلان پر عمل شروع کر دیا ہے۔ طالبان نے اپنے آپریشن عمری کے تحت شورش زدہ افغان صوبے قندوز میں اپنی مسلح سرگرمیوں میں شدت پیدا کر دی ہے۔ افغان وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ افغان نیشنل سیکورٹی فورسز 12صوبوں میں شدت پسندوں کے خلاف آپریشن میں مصروف ہیں ۔ترجمان وزارت دفاع دولت وزیری کا کہنا ہے کہ افغان سیکورٹی فورسز نے طالبان کی جانب سے موسم بہار کی کاروائیوں کے ساتھ 15 جارحانہ آپریشن شروع کیے ہیں۔

وزیری کا مزید کہنا تھاکہ طالبا ن عسکریت پسندوں نے قندوز پر ایک بڑے حملے کا آغاز کیا تھا تاہم اسے ناکام بنادیا اس دوران عسکریت پسندوں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔وزیر ی کا کہنا ہے کہ جوابی کاروائی میں 40 جنگجو ہلاک اور 50دیگر زخمی ہوئے ہیں۔