محمد نوازشریف کی حکومت کے خلاف سازشوں کے جال بننے والے پچھتائیں گے، رکن پنجاب اسمبلی

ہفتہ 16 اپریل 2016 16:30

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 اپریل۔2016ء) وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف کی جلد صحت یابی کے لئے رکن صوبائی اسمبلی زیب النساء اعوان نے دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا جس میں پاکستان مسلم لیگ(ن)کے خواتین کارکنان کے علاوہ مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر میڈیکل چیک اپ کی غرض سے لندن قیام پذیر وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف کی درازی عمر اور جلد صحت یابی کی دعائیں کی گئیں۔

(جاری ہے)

رکن صوبائی اسمبلی زیب النساء اعوان نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ نوازشریف حکومت کے خلاف سازشوں کے جال بننے والے پچھتائیں گے۔ ملک و قوم کو اس سے بہتر قیادت نہیں مل سکتی۔ زیب النساء اعوان نے کہاکہ پاکستان اس وقت تیز رفتاری سے ترقی کر رہا اور اس کی بڑی وجہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت ہے جو ملک کوعظیم معاشی قوت بنانے کے لئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم کے خلاف تمام سازشیں اپنی موت آپ مر جائیں گے اور محمد نواز شریف جلد صحت یاب ہو کر واپس آئیں گے۔