چین میں مقامی بولیوں کو محفوظ کرنے کے منصوبے کا آغاز

60سے زیادہ چینی اور غیر ملکی ماہرین کی خدمات حاصل کر لی گئیں

ہفتہ 16 اپریل 2016 16:08

چنگ شا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔16 اپریل۔2016ء) صوبہ ہینان میں مختلف بولیوں کو ریکارڈ کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے ، ا س سلسلے میں گذشتہ سال باقاعدہ ایک منصوبے کا اعلان کیا گیا تھا جس میں ریکارڈنگ کیلئے مختلف مقامات کا انتخاب کیا گیا ، 60سے زیادہ چینی اور غیر ملکی ماہرین اس تحقیقی منصوبے میں کام کررہے ہیں ، ہینان کے 75مختلف علاقوں میں چینی زبان کے مختلف لہجے اور بولیاں بولی جاتی ہیں ، منصوبے کے مطابق ان کو ریکارڈ کرنے کا مقصد ثقافتی اور تاریخی ورثے کو محفوظ کرنا ہے ، اس منصوبے پر پانچ سے دس سال میں 7لاکھ 18ہزار 4سو 25امریکی ڈالر خرچ کئے جائیں گے جبکہ صوبے کے 75مختلف مقامات سے تحریری آڈیو اور ویڈیو مواد حاصل کیا جائے گا۔

ہینا ن ٹی وی کے میزبان وانگ ہان نے کہا کہ یہ زبانیں ہماری پہچان ہیں جو اپنے استعمال میں منفرد اور مقامی ثقافت کا ضروری حصہ ہے ، ا س لئے یہ ضروری ہے کہ ہم ان کا ریکارڈ رکھیں ، چین میں مقامی طورپر مختلف زبانیں بولی جاتی ہیں اور ان میں ایک علاقے سے دوسرے علاقے میں الفاظ اور لہجے کا فرق پڑتا رہتا ہے چونکہ لوگوں کی بڑی تعداد دیہات سے بڑے شہروں میں منتقل ہوتی رہتی ہے ، اس لئے لہجوں میں تبدیلی ایک قدرتی امر ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مئی 2015ء سے اب تک 81نسلی اقلیتوں کی زبانوں اور 53مقامی بولیوں کوریکارڈ کر لیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کیلئے آئندہ پانچ برسوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں سے 1500مقامات کا انتخاب کیا جائے گا جہاں سے مقامی بولیوں اور نسلی اقلیتی گروپوں کی زبانوں کو محفوظ کرنے کے لئے ریکارڈ کیا جائے گا ، اس پروگرام کا مقصد بولیوں کے ثقافتی ورثے کو محفوظ کرنا اور زبانوں کے ذخیرہ الفاظ کو جمع کرنا ہے تا کہ اس سے دوسری زبانوں کے سرمائے میں اضافہ ہو ۔

متعلقہ عنوان :