حماس نے مصر کی سلامتی سے متعلق تشویش دور کرنے کیلئے سرحد پر سکیورٹی فورسز کے اضافی دستوں کی تعیناتی شروع کردی

سکیورٹی فورسز نے سرحد پر فوری طور پر3 نئے اڈے قائم کردیے ہیں ‘ ترجمان وزارت داخلہ

ہفتہ 16 اپریل 2016 15:57

غزہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 اپریل۔2016ء) حماس نے مصر کی سلامتی سے متعلق تشویش دور کرنے کیلئے سرحد پر سکیورٹی فورسز کے اضافی دستوں کی تعیناتی شروع کردی ہے۔غزہ میں حماس کے تحت وزارت داخلہ کے ترجمان ایاد آل بزم نے صحافیوں کو بتایا کہ قومی سکیورٹی فورسز نے مصر کے ساتھ واقع اپنی تمام جنوبی سرحد پر فوجیوں کی تعداد بڑھانا شروع کردی ہے اور اپنی چوکیوں کو دگنا کردیا ہے تاکہ سرحد کو بہتر انداز میں کنٹرول کیا جاسکے۔

انھوں نے بتایاکہ سکیورٹی فورسز نے سرحد پر فوری طور پر3 نئے اڈے قائم کردیے ہیں۔یہ پیغام ہے کہ ہمیں سرحدی سکیورٹی اور استحکام سے متعلق تشویش لاحق ہے اور کسی کو بھی مصر کی سکیورٹی کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔فلسطینی سکیورٹی فورسز نے غزہ کی پٹی اور مصر کے درمیان سرحد پر 10 عارضی عمارتیں بنا دی ہیں اور مزید عارضی ڈھانچے بنانے کے لیے بلڈوزوروں کے ذریعے زمین کو ہموار کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

فلسطین کے ایک اعلیٰ سکیورٹی افسر نے ان اقدامات کو اہم نئے سکیورٹی انتظامات قرار دیا ہے تا کہ مصر میں بھائیوں کو سرحد محفوظ ہونے کی یقین دہانی کرائی جا سکے۔حماس کی وزارت داخلہ کے مطابق 2015ء مصر کے ساتھ واقع رفح بارڈر کراسنگ کے لیے بدترین سال ثابت ہوا تھا اور اس کو صرف21 دن کے لیے کھولا گیا تھا۔

متعلقہ عنوان :