اورنج لائن میٹروٹرین میٹروبس سے بھی بڑھ کر قابل اعتماد منصوبہ ہوگا‘رانا بابر حسین

ہفتہ 16 اپریل 2016 15:56

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 اپریل۔2016ء)صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے خزانہ رانا بابرحسین نے کہا ہے کہ اورنج لائن میٹروٹرین میٹروبس سے بھی بڑھ کر قابل اعتماد منصوبہ ہوگاجس سے عام آدمی کو محفوظ، باکفایت اور باوقار ٹرانسپورٹ میسرآئے گی اورمنصوبے کی تکمیل سے مٹھی بھر اشرافیہ بے مقصد اوربلاجواز تماشابھی ختم ہو جائے گا، اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے کی وہ لوگ مخالفت کررہے ہیں جن کے بچے کڑروں روپے مالیت کی لمبی گاڑیوں میں سفر کرتے ہیں ،یہ لوگ میٹروٹرین سے تاریخی ورثے کے متاثر ہونے کے بارے میں جھوٹ بول رہے ہیں ،یہ تو وہ لوگ ہیں جنہوں نے کبھی پاکستان کے تاریخی مقامات کو دیکھا تک نہیں بلکہ یہ اپنے کتوں کیساتھ چھٹیاں بھی یورپ اوردیگر ممالک میں منانے جاتے ہیں ۔

(جاری ہے)

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مٹھی بھر اشرافیہ غریب عوام کے ترقیاتی منصوبوں کی مخالفت اس لئے کررہے ہیں کہ قوم کے غریب عوام کو بہتر اورمعیاری سہولتیں نہ ملیں۔یہ چاہتے ہیں کہ قوم کے بچے اسی طرح کٹھارا بسوں میں دھکے کھاتے رہیں۔ترقیاتی منصوبوں کی مخالفت کرنے والے دراصل غریب قوم کے بچوں سے دشمنی کررہے ہیں ۔اگر اشرافیہ کا بچہ بیمار ہوتو وہ پانچ منٹ میں اپنی گاڑی میں ہسپتال لے جاتے ہیں لیکن اگر کسی غریب کا بیمار بچہ میٹروبس یا میٹروٹرین کے ذریعے ہسپتال پہنچے تو انہیں تکلیف ہوتی ہے ۔

اشرافیہ چاہتی ہے کہ یہ اپنی حلال یا حرام کی کمائی سے لمبی گاڑیوں میں سفرکرتے رہیں،اپنے قیمتی محلات میں آرام سے رہیں اور ان کے بچے دنیا بھر کی اعلی تعلیمی درس گاہوں میں تعلیم حاصل کرتے رہیں لیکن 95فیصد لوگ بنیادی سہولتوں سے بھی محروم رہیں۔مٹھی بھر اشرافیہ کے جانب سے اورنج لائن میٹروٹرین کے عظیم منصوبے کی مخالفت دراصل عظیم پاکستانیوں ،ڈاکٹر وں ، مریضوں،وکلاء،بیواوٴں،یتیموں،طلباء و طالبات اورمحنت کشوں کیخلاف سازش ہے اور عوام ملکر اس سازش کو ناکام بنائیں گے۔