وزیراعظم سیالکوٹ اور لاہور موٹر وے کا جلد سنگ بنیاد رکھیں گے،11ارب روپے کی لاگت سے سیالکوٹ رنگ روڈ کی تعمیر جاری ہے‘ سیالکوٹ میں 550 بستروں کا جدید ہسپتال تعمیر کیا جائیگا‘ مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوام کی فلاح و بہبود پر یقین رکھتی ہے

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کا خواجہ محمد صفدر میڈیکل کالج کی تقریب سے خطاب

ہفتہ 16 اپریل 2016 13:45

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔16 اپریل۔2016ء) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ 11ارب روپے کی لاگت سے سیالکوٹ رنگ روڈ کی تعمیر جاری ہے‘ سیالکوٹ میں 550 بستروں کا جدید ہسپتال تعمیر کیا جائیگا‘ مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوام کی فلاح و بہبود پر یقین رکھتی ہے‘ وزیراعظم نواز شریف سیالکوٹ اور لاہور موٹر وے کا جلد سنگ بنیاد رکھیں گے۔

ہفتہ کو خواجہ محمد صفدر میڈیکل کالج کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فارغ التحصیل ہونے والے طلباء کو مبارکباد پیش کرتا ہوں طلبہ نے زندگی کا اہم سنگ میل حاصل کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صفدر میڈیکل کالج کا سہرا وزیراعلیٰ پنجاب کے سر ہے پنجاب میں میڈیکل کالج وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق چل رہے ہیں۔

(جاری ہے)

سیالکوٹ میں میڈیکل کالج کا قیام شہریوں کا دیرینہ مطالبہ تھا۔

خواجہ محمد آصف نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف سیالکوٹ ‘ لاہور موٹر وے کا جلد سنگ بنیاد رکھیں گے۔ گوجرانوالہ‘ پسرور‘ سیالکوٹ اور وزیر آباد روڈ پر کام جاری ہے۔ ہیڈ مرالہ میں انجینئرنگ کا سنٹر آف ایکسی لینس قائم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ انجینئرنگ کے شعبے میں گریجویٹ‘ پوسٹ گریجویٹ طلبہ کو تعلیم کی سہولت دیں گے گیارہ ارب روپے کی لاگت سے سیالکوٹ رنگ روڈ کی تمیر جاری ہے مزید تمام ممکن سہولیات سیالکوٹ کے شہریوں کو فراہم کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم سیالکوٹ شہر کی تقدیر بدلنا چاہتے ہیں عالمی سطح پر سیالکوٹ اہم شہر اور مصنوعات کے باعث اس کی پہچان ہے۔ سیالکوٹ ایئرپورٹ کے قیام میں چیمبر کا کلیدی کردار ہے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ سیالکوٹ میں پانچ سو پچاس بستروں کا جدید ہسپتال تعمیر کروائیں گے مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوام کی فلاح و بہبود پر یقین رکھتی ہے۔