پاک فوج نے ثابت کردکھایا کہ عوام کے تحفظ سے زیادہ کچھ بھی عزیز نہیں،صدر مملکت

ہفتہ 16 اپریل 2016 13:45

کاکول (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔16 اپریل۔2016ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاک فوج نے ثابت کردکھایا ہے کہ عوام کے تحفظ سے زیادہ کچھ بھی عزیز نہیں‘ فوج کی بہادری کا اندازہ آپریشن ضرب عضب سے لگایا جاسکتا ہے‘ انتہا پسندی کے خلاف جنگ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گی ‘ عوام کے مسائل کے حل میں موجودہ حکومت بھی اپنے فرائض سے غافل نہیں ہے‘ حکومت کٹھن اور مشکل حالات کے باوجود عوام کے مسائل حل کرنے کی پوری کوشش کررہی ہے۔

وہ ہفتہ کو کاکول میں 134ویں پی ایم اے لانگ کورس ‘52 ویں انٹی گریٹڈ کورس اور چھٹے مجاہد کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کررہے تھے۔ صدر ممنون حسین نے کہا کہ پاسنگ آؤٹ پریڈ میں شرکت میرے لئے باعث مسرت ہے‘ پاکستان ایک نظریے کے تحت وجود میں آیا جس کی جڑیں ہمارے عقیدے سے پھوٹی ہیں پاکستان الله کی ایک غیر معمولی نعمت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارا وطن کوئی عام ملک نہیں ہمارے لئے دفاع وطن کا فریضہ عبادت کا درجہ حاصل کرلیتا ہے۔

ملٹری اکیڈمی میں کیڈٹس کی تربیت اسی مقصد کو پیش نظر رکھ کر کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اسلامی فلاحی ریاست ہے جس کے شہریوں کو تمام بنیادی سہولتوں کی فراہمی اور ان کے مسائل کا حل ریاست اور حکومت کی ذمہ داری ہے۔ ملک کو درپیش مسائل کے باوجود ریاست نے اپنی ذمہ داریاں سرانجام دینے کی بھرپور کوشش کی ہے لیکن ابھی بھی کچھ پہلو ایسے ہیں جن پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

حکومت اس سلسلے میں غافل نہیں ہے اور عوام کے مسائل حل کرنے کی پوری کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ارض وطن کے محافظ کی حیثیت سے پاک فوج کے جوان ان معاملات کا ادراک رکھتے ہیں کہ ہم اپنی ریاست کے مقاصد اس وقت تک مکمل طور پر حاصل نہیں کرسکتے جب تک اندرونی و بیرونی چیلنجز سے نمٹ کر ملک میں مکمل طور پر امن و استحکام قائم نہیں کردیا جاتا۔

پاک فوج کے افسروں کی پیشہ وارانہ مہارت اور اپنے مقصد سے لگن مسلح افواج کی بہترین تربیت کا خاصہ ہے۔ پاک فوج کی ٹریننگ کے نتیجے میں مادر وطن کی سرحدوں کی حفاظت کے لئے جانباز سپاہی تیار کئے جاتے ہیں۔ یہ جوان وطن عزیز کی حفاظت کے لئے اپنا سب کچھ قربان کردینے کا حوصلہ رکھتے ہیں۔ ہمارے افسروں اور جوانوں کے اس بے مثل جذبہ ایثار کا مشاہدہ طویل عرصے سے جاری غیر روایتی جنگ اور آپریشن ضرب عضب میں کیا جاسکتا ہے۔

پاک فوج نے ثابت کردکھایا کہ عوام کے تحفظ سے زیادہ کچھ عزیز نہیں ہے۔ پاک فوج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دی ہیں۔ آپریشن ضرب عضب آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گا کیونکہ دہشت گردی کے خاتمے سے دنیا میں امن کے قیام کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔ ہماری دفاعی صلاحیت خطے میں امن اور خوشحالی کی ضامن ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام مسائل کا مذاکرات کے ذریعے پرامن حل چاہتے ہیں۔

افواج پاکستان بدلتے عالمی حالات اور چیلنجز سے بخوبی آگاہ ہیں ان سے نمٹنے کے لئے پاک فوج بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے سیاسی قیادت کو مکمل اتفاق رائے سے نیشنل ایکشن پلان کی منظوری دی جس کے تحت مسلح افواج اور دیگر ریاستی اداروں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گردی کے سیلاب کے سامنے بند باندھ دیا۔

متعلقہ عنوان :