پاکستان میں غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے والوں کی تعداد 6کروڑ سے تجاوز کر گئی ‘ مسرت جمشید چیمہ

ہفتہ 16 اپریل 2016 13:12

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 اپریل۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کی رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے والوں کی تعداد 6کروڑ سے تجاوز کر گئی ہے مگر بد قسمتی سے حکمران سب اچھا کی رپورٹ دے کر عوام کی آنکھوں میں دھول جھونک رہے ہیں، موجودہ حکومت کی ترجیحات میں غریب اور اسکی فلاح و بہبود سرے سے ہی شامل نہیں ،پانامہ لیکس کے معاملے پر پوری قوم سڑکوں پر آنے کے لئے یکسو ہے ۔

24اپریل کو پارٹی کے یوم تاسیس کے حوالے سے منعقدہ ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مسرت چیمہ نے کہا کہ موجودہ حکمران خود تفریق کے نظام کو تقویت دے رہے ہیں۔ حکمرانوں کا چھینک آنے پر بھی علاج کے لئے بیرون روانگی سے ثابت ہوتا ہے کہ ملک میں ایک بھی ایسا معیاری ہسپتال نہیں جہاں حکمرانوں کا علاج ہو سکے اوربغیر سہولتوں کے ہسپتال صرف ووٹ دینے والے غریب عوام کیلئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوام اگر اب بھی اپنے حقوق کے لئے بیدار نہ ہوئے تو ہماری آنے والی نسلیں بھی ہمیں معاف نہیں کریں گی ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف عوام کے ووٹوں کی وجہ سے پاکستان کے وزیر اعظم ہیں لیکن حالت یہ ہے کہ ملک میں کئی غریب موذی امراض کی وجہ سے ایڑیاں رگڑ رگڑ کر اپنی جان دے دیتے ہیں جبکہ حکمران سرکاری اخراجات پر علاج کیلئے بیرون ملک چلے جاتے ہیں۔

ہمارے نظام تعلیم سے ایک طرف حکمران جبکہ دوسری طرف محکوم طبقہ جنم لے رہا ہے ۔غریب کا ڈھنڈورا پیٹنے والے خادم اعلیٰ مسلسل آٹھ سال سے حکومت میں ہیں کیا وہ بتائیں گے سرکاری سکولوں میں تعلیم کے معیار کو بہتر کرنے کیلئے کیا اقدامات کئے گئے ہیں۔حکومت نے کبھی یہ سوچا ہے کہ سرکاری سکولوں میں مفت کتابیں فراہم کرنے کے باوجود کیوں والدین اپنے بچوں کو ان سکولوں میں بھجوانے کے لئے تیار نہیں۔آج غریب بر ملا کہتا ہے کہ بچوں کو حکومت کے سرکاری سکولوں میں بھجوانے سے بہتر ہے کہ اسے کوئی ہنر سکھایا جائے جو بہت بڑا سوالیہ نشان ہے ۔انہوں نے کہا کہ اینٹوں کے بھٹوں کے جنگی دوروں کر کے فوٹو سیشن کیوں کرائے گئے اس کی حقیقت بھی جلد سامنے آ جائے گی ۔

متعلقہ عنوان :