ہائیکورٹ بار کے جنرل ہاؤس کا اجلاس 19اپریل کو طلب کر لیا گیا

ہفتہ 16 اپریل 2016 13:11

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 اپریل۔2016ء) لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے جنرل ہاؤس کا اجلاس 19اپریل بروز منگل بوقت 10:30 بجے دن کیانی ہال میں منعقد ہو گا۔ اجلاس محمد آصف شاکر ایڈووکیٹ ہائیکورٹ کی پیش کردہ قرارداد پر غور خوض کیلئے طلب کیا گیا ہے ۔ قرار داد کے متن میں کہا گیا ہے کہ گذارش ہے کہ آجکل پانا مالیکس کے نام سے پوری دنیا کے اندر آف شور کمپنیوں سے متعلق انکشافات ہوئے ہیں۔

جس میں چند ممالک کی حکمرانوں اور اشرافیہ کی اپنی آف شور کمپنیوں کے حوالے سے انکشافات کیے گئے ہیں۔ ان حکمرانوں اور اشرافیہ میں پاکستان کے کاروباری و سیاسی خاندان اور اعلیٰ شخصیات کے نام بھی آئے ہیں۔ جس سے پاکستانی عوام میں بالعموم اور وکلاء برادری میں بالخصوص تشویش پائی جاتی ہے ۔

(جاری ہے)

لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن ، لاہور جو کہ اس ملک کا اہم فورم ہے اور جس نے ہر ملکی ایشو پر عوام کی رہنمائی کیلئے اہم رول ادا کیا ہے اور ایک جاندار موقف ان کے سامنے رکھا ہے۔

اس بات کا مطالبہ کرتی ہے کہ پاکستان کے جن حکمرانوں اور اشرافیہ کے نام پانا ما لیکس نے آف شور کمپنیوں کے حوالے سے ظاہر کیے ہیں ان کی شفاف تحقیقات کر کے حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں اور یہ تحقیقات کسی ایسے فورم یا ادارے سے کروائی جائیں جن کو پاکستان کی عوام کا اعتماد حاصل ہو۔

متعلقہ عنوان :