Live Updates

24 اپریل کو روکا گیا تو حکومت خود ذمہ دار ہو گی، پاناما لیکس پر چیف جسٹس کی سربراہی میں کمیشن کے علاوہ کچھ بھی قبول نہیں، درباری پانامہ لیکس معاملے پر وضاحت کرنے کی بجائے خورشید شاہ سمیت دوسروں پر کیچڑ اچھال رہے ہیں

تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کا فنڈریزنگ تقریب سے خطاب ،میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 16 اپریل 2016 11:38

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔16 اپریل۔2016ء ) تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پاناما لیکس پر چیف جسٹس کی سربراہی میں کمیشن کے علاوہ کچھ بھی قبول نہیں ، چوبیس اپریل کو روکا گیا تو حکومت خود ذمہ دار ہو گی۔ لندن میں فنڈریزنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پاناما لیکس پر وزیراعظم نے ایک بار بھی خود وضاحت نہیں دی جبکہ درباری معاملے پر وضاحت کرنے کے بجائے خورشید شاہ سمیت دوسروں پر کیچڑ اچھال رہے ہیں۔

(جاری ہے)

فنڈریزنگ کی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو میں عمران خان نے کہا کہ چودھری نثار سے جہاز میں ملاقات کے دوران صرف جلسے پر گفتگو ہوئی ،اپوزیشن رہنماوٴں سے ملاقات کا ون پوائنٹ ایجنڈا ہے۔ پاناما لیکس پر چیف جسٹس کی سربراہی کے علاوہ کوئی اور کمیشن قبول نہیں۔لندن میں چئیرمین تحریک انصاف نے جہانگیر ترین کے ساتھ کرزن اسٹریٹ میں بین الاقوامی آڈٹ فرم کے حکام سے ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق عمران خان دیگر کمپنیوں کے حکام سے بھی ملیں گے۔ دوسری جانب کپتان نے وزیراعظم سے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ دنیا بھر میں سیاسی رہنما جمہوریت بچانے کیلئے عہدے چھوڑ رہے ہیں ، اسپین کے وزیر نے بھی استعفیٰ دیا ، نواز شریف کو صورتحال کا ادراک کیوں نہیں۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات