احسن اقبال نے پاکستان اور چین بزنس پلیٹ فارم کی تجویز پیش کردی

چینی صوبے شین ڈونگ میں صنعتی زونز کو قائم کرنے اور چلانے کے لئے انسانی وسائل کی تربیت کے لئے میکنزم بنانے کی بھی تجویز

جمعہ 15 اپریل 2016 21:55

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔15 اپریل۔2016ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی واصلاحات احسن اقبال نے پاکستان اور چین کے بزنس پلیٹ فارم کی تجویز دیتے ہوئے کہا اس کے ذریعے چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت قائم ہونے والے صنعتی زونز میں مشترکہ پیداوار کی جا سکے۔انہوں نے چینی صوبے شین ڈونگ میں ان صنعتی زونز کو قائم کرنے اور چلانے کے لئے انسانی وسائل کی تربیت کے لئے میکنزم بنانے کی بھی تجویز دی ہے۔

انہوں نے یہ تجاویز شین ڈونگ صوبے کے گورنر ژاہ زنگ سے ایک ملاقات میں کیا۔ احسن اقبال نے پاکستان اور شین ڈونگ کی یونیورسیٹوں کے درمیان رابطے بڑھانے کی بھی تجاویز دی جس کے تحت فیکلٹی اور طلباء کے وفود کا تبادلہ بھی کیا جا سکے۔انہوں نے پاکستان بر آمدی مصنوعات کو چین کی در آمدی ضروریات سے بھی ہم آہنگ کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ چین کے ساتھ پاکستان کا تجارتی خسارہ دور کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

احسن اقبال نے کہا پاکستان اور شین ڈونگ کے درمیان زراعت، ٹیکسٹائل، انجیئرنگ اور توانائی کے شعبے میں تعاون پر بھی نائب گورنر سے تبادلہ خیال کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں پانی کے شعبے میں شین ڈونگ صوبے کی مہارت سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان کو پائیدار اقتصادی ترقی کے لئے بر آمدات میں اضافے کی ضرورت ہے اور اس سلسلے میں شین ڈونگ صوبے کے تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے بر آمدات کو بڑھایا جا سکتا ہے۔

احسن اقبال نے شین ڈونگ اور پاکستان میں بزنس کانفرسیں منعقدکرنے کی بھی تجویز دی۔ انہوں نے کہا چین پاکستان اقتصادی راہداری دونوں ممالک کی قیادتوں کی وژن کا ملاپ ہے جس کے پاکستان کی صنعتی ترقی کی رفتار کو بڑھایا جا ئے گا تو دوسری طرف چین کے لئے محفوظ اور مختصر زمینی راستہ مہیا ہو گا جس کے ذریعے وہ بیرون دنیا سے تجارت کو بڑھا سکے گا۔ شین ڈونگ کے نائب گورنر نے کہا ان کا صوبہ پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کا خواہاں ہے اور یقین دلایا کہ وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی کی تجاویز کو عملی جامہ پہنانے کے لئے ان پر غور کیا جائیگا۔

متعلقہ عنوان :