شہید عالمزیب عمر زئی کی پختونوں کے حقوق کے تحفظ ،خطے کیلئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا،ارشد علی عمر زئی

جمعہ 15 اپریل 2016 21:44

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔15 اپریل۔2016ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے فنی تعلیم ارشد علی عمر زئی نے کہا ہے کہ سابق ایم پی اے شہید عالمزیب عمر زئی کی پختونوں کے حقوق کے تحفظ اور خطے کیلئے خدمات اور قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔یہ بات انہوں نے چارسدہ شیرپاؤ میں عالمزیب عمرزئی کی برسی کی تقریب کے انتظامات کے حوالے سے منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر تحصیل شبقدر کے ناظم ظفر علی خان ، تحصیل تنگی کے ناظم یحییٰ جان مہمند ، ڈسٹرکٹ کونسلر پیر رحمان اﷲ کے علاوہ قومی وطن پارٹی کے ضلعی عہدیداران و کارکنان بھی موجود تھے۔معاون خصوصی ارشد عمر زئی نے خطاب کرتے ہوئے عالمزیب عمر زئی کی سیاسی و سماجی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ عالمزیب عمر زئی ایک بہادر اورعوام دوست شخصیت کے مالک تھے جنہوں نے پوری زندگی علاقے کی ترقی و خوشحالی کیلئے وقف کر رکھی تھی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مرحوم کے چلے جانے سے پیدا ہونے والے خلا کو کسی طور پُر نہیں کیا جا سکتا تاہم ان کے مشن کو پورا کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔معاون خصوصی نے کہا کہ مرحوم عالمزیب عمر زئی عوام کی بے لوث خدمت کرنے کی وجہ سے آج بھی عوام کے دلوں میں زندہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ چارسدہ کو خوبصورتی کے لحاظ سے ماڈل ضلع بنانا ان کا خواب تھا جس کی تکمیل اب ہمارا فرض ہے۔تقریب میں عالمزیب عمر زئی کی برسی کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر قومی وطن پارٹی کے مقامی عہدیداران نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :