حکومت نوجوانوں کو منفی سرگرمیوں سے دور رکھنے ،کھیلوں کی بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے، سیکرٹری کھیل بلوچستان شعیب گولہ

جمعہ 15 اپریل 2016 21:41

کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔15 اپریل۔2016ء ) صوبائی حکومت صوبے کے نوجوانوں کو منفی سرگرمیوں سے دور رکھنے اور انہیں کھیلوں کی بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے کوشاں ہے، صوبے میں سافٹ بال کے کھیل کو فروغ دینے کے لیے سافٹ بال فیڈریشن آف پاکستان اور بلوچستان سافٹ بال ایسوسی ایشن کے اقدامات قابل تحسین ہیں، ان خیالات کا اظہار صوبائی سیکریٹری کھیل ڈاکٹر شعیب احمد گولہ نے سافٹ بال فیڈریشن آف پاکستان اور بلوچستان سافٹ بال ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج کوئٹہ کینٹ میں 13ویں وویمن نیشنل سافٹ بال چیمپئن شپ کی افتتاح تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔

اس موقع پر سافٹ بال فیڈریشن آف پاکستان کے صدر حیدر خان لہڑی، سیکریٹری جنرل آصف عظیم اور بلوچستان سافٹ بال ایسوسی ایشن کے دیگر عہدیداران بھی موجود تھے، واضح رہے کہ نیشنل چیمئین شپ میں چاروں صوبوں پنجاب، سندھ، کے پی کے، بلوچستان، اسلام آباد اور پاکستان آرمی کی خواتین کی ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی ڈاکٹر شعیب گولہ نے کہا کہ جہاں کھیل کے میدان آباد ہوتے ہیں وہاں کے ہسپتال ویران ہوتے ہیں، ایس ایف پی اور بی ایس اے کی صوبہ بلوچستان میں کھیلوں کے فروغ اور سافٹ بال کو صوبے میں متعارف کرانے میں ایک نہایت اہم قدم ہے۔

جس کی بناء پر یہاں کی خواتین کو بھی کھیلوں میں مردوں کے شانہ بشانہ آگے آنے اور صوبہ اور ملک کا نام روشن کرنے میں اپنا کردار ادا کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت اس کھیل کے فروغ کے لیے بھرپور اقدامات کرے گی۔ قبل ازیں مہمان خصوصی نے بال کو شارٹ لگا کر باقاعدہ چیمپئن شپ کا آغاز کیا ، جبکہ مہمان خصوصی کا ٹیموں سے تعارف بھی کرایا گیا۔ آج چیمپئن کے سلسلے میں دو میچ کھیلے گئے پہلا میچ بلوچستان اور اسلام آباد کے مابین کھیلا گیا جس میں بلوچستان نے اسلام آباد کو 19کے مقابلے میں 28رنز سے شکست دی۔ جبکہ آج کے دوسرے میچ میں پاکستان آرمی نے کے پی کو صفر کے مقابلے میں 19رنز سے شکست دی۔

متعلقہ عنوان :