وزارت خارجہ کی عرب ممالک اور آسیان سفیروں کو بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کی پاکستا ن میں کارروائیوں بارے بریفنگ

خطے میں امن ،استحکام کے حصول کیلئے بھارت پاکستان میں مداخلت فوری بند، جموں وکشمیر سمیت تمام متنازعہ امور حل کرے، ترجمان دفتر خارجہ

جمعہ 15 اپریل 2016 21:37

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔15 اپریل۔2016ء) پاکستان نے عرب ممالک اور آسیان کے سفیروں کو پاکستان میں بھارتی خفیہ ایجنسی را کی کارروائیوں اور کلبھوشن یادو کے اعترافی بیانات کے بارے میں آگاہ کردیا ہے۔

(جاری ہے)

جمعہ کو ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق عرب ممالک اور آسیان کے اسلام آباد میں تعینات سفیروں کو وزارت خارجہ کی جانب سے بھارتی خفیہ ایجنسی را کے افسر کلبھوشن یادو کی گرفتاری اور پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کیلئے تخریب کارانہ سرگرمیوں اور دہشت گردوں کی مالی اعانت سے متعلق اعترافی بیان کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

بیان کے مطابق بریفنگ کے دوران سفیروں کو بتایا گیا کہ خطے میں امن اور استحکام کے حصول کیلئے ضروری ہے کہ بھارت پاکستان میں اپنی مداخلت فوری طور پر بند کرے اور پائیدار مذاکراتی عمل کے ذریعے جموں وکشمیر سمیت تمام متنازعہ امور حل کرے۔