صوبائی دارالحکومت میں جمعتہ المبارک کے موقع پر سکیورٹی ہائی الرٹ

شہر کی معروف مساجد، مزارات، امام بارگاہوں اور عبادت گاہوں کے باہر اضافی نفری تعینات کی گئی

جمعہ 15 اپریل 2016 21:16

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔15 اپریل۔2016ء) صوبائی دارالحکومت میں جمعتہ المبارک کے موقع پر سکیورٹی کو ہائی الرٹ کرتے ہوئے شہر کی معروف مساجد، مزارات، امام بارگاہوں اور عبادت گاہوں کے باہر اضافی نفری تعینات کی گئی۔ برلب سڑک مساجد کو ایک جانب سے قناعتوں سے ڈھانپ کر ٹریفک کو یکطرفہ کر دیا گیا اور نمازیوں کی گاڑیوں کی پارکنگ کیلئے بھی کئی گز کے فاصلے پر جگہ فراہم کی گئی۔

خصوصاً داتا دربار، بی بی پاکدامن اور کربلا گامے شاہ کے باہر پولیس بیریئر لگا کر واک تھرو گیٹس کے علاوہ میٹل ڈیٹیکٹر سے تلاشی لے کر اندر داخل ہونے کی اجازت دی گئی۔ خواتین کے بیگز کی بھی تلاشی لی گئی۔ اس موقع پر سکیورٹی نگرانی پر مامور پولیس آفیسر نے ”آن لائن“ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سی سی پی او اور ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف سکیورٹی کے معاملے میں معمولی سی غفلت کی شکایت برداشت نہیں کرتے۔

(جاری ہے)

دونوں افسران نے پولیس افسران اور اہلکاروں پر واضح کر دیا ہے کہ وہ قصور جن کی معافی کا کوئی امکان نہیں ان میں سکیورٹی ڈیوٹی میں غفلت اور لاپرواہی برتنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ خود بھی اچانک دورہ کر کے سکیورٹی کے معاملات چیک کرتے ہیں اور خصوصاً جمعہ کی نماز کے موقع پر پورے شہر کی سکیورٹی کی مانیٹرنگ کرتے ہیں۔